دبئی: دبئی پولیس نے نہایت اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے 25 ملین ڈالر مالیت کے نایاب گلابی ہیرے کی چوری اور اسمگلنگ کی کوشش کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تین مشتبہ افراد پر مشتمل ایک گروہ ایک جیولر کے پاس 20 قیراط وزنی گلابی ہیرے کی خریداری میں دلچسپی ظاہر کر کے اسے چوری کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ تاہم پولیس کی تیز رفتاری اور موثر انٹیلیجنس کے باعث ڈکیتی کی واردات کے صرف آٹھ گھنٹے بعد ہی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان اس نایاب ہیرے کو ایک چھوٹے ریفریجریٹر میں چھپا کر متحدہ عرب امارات سے اسمگل کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ چوروں نے اس ڈکیتی کی منصوبہ بندی تقریباً ایک سال تک خفیہ طور پر کی۔
دبئی پولیس کی اس بروقت کارروائی کو نہ صرف مقامی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی سراہا جا رہا ہے، اور یہ واقعہ ایک بار پھر ثابت کرتا ہے کہ دبئی قانون نافذ کرنے والے ادارے جدید ٹیکنالوجی، مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ شہر کو جرائم سے محفوظ رکھنے میں ہر دم چوکس ہیں۔