دہشت گردی پر دوہرا معیار قابل قبول نہیں: پی ایم مودی

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 18-06-2025
دہشت گردی پر دوہرا معیار قابل قبول نہیں: پی ایم مودی
دہشت گردی پر دوہرا معیار قابل قبول نہیں: پی ایم مودی

 



کینینسکس (کینیڈا): وزیر اعظم نریندر مودی نے جی-7 کے رہنماؤں سے کہا کہ ہندوستان کا پڑوس دہشت گردی کا گڑھ بن چکا ہے اور اس چیلنج سے آنکھیں بند کر لینا انسانیت کے ساتھ غداری ہوگا۔ انہوں نے سرحد پار دہشت گردانہ سرگرمیوں کو بڑھاوا دینے والے ممالک کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ یہاں جی-7 کے رابطہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ 22 اپریل کو پہلگام میں ہونے والا حملہ ہر ہندوستانی کی روح، شناخت اور عزت پر براہ راست حملہ تھا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی حمایت کرنے والے کسی بھی ملک کو جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے اور اسے اس کی قیمت چکانی چاہیے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں دوہرا معیار قبول نہیں کیا جا سکتا، اور سوال اٹھایا کہ کیا دہشت گردی پھیلانے والوں اور اس کے متاثرین کو ایک ہی ترازو میں تولا جانا چاہیے؟ وزیر اعظم مودی منگل کو توانائی کے تحفظ پر جی-7 رابطہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

انہوں نے کہادہشت گردی انسانیت کی دشمن ہے۔ یہ تمام جمہوری اقدار کو قائم رکھنے والے ممالک کے خلاف ہے۔ دہشت گردی کے خلاف اتحاد ضروری ہے۔ انہوں نے کہا، بدقسمتی سے ہمارا اپنا پڑوس دہشت گردی کا پرورش گاہ بن چکا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی امن و خوشحالی کے لیے ہماری سوچ اور پالیسیاں بالکل واضح ہونی چاہئیں — جو بھی ملک دہشت گردی کی حمایت کرے، اسے جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے اور اسے اس کی قیمت ادا کرنی چاہیے۔

مودی نے کہا کہ حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا، ایک طرف ہم اپنی ترجیحات کے مطابق مختلف طرح کی پابندیاں فوری طور پر عائد کرتے ہیں، لیکن دوسری طرف، جو ممالک کھلے عام دہشت گردی کی حمایت کرتے ہیں، انہیں انعام دیا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے سوال کیا کیا ہم واقعی دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے سنجیدہ ہیں؟ کیا ہم اس وقت تک دہشت گردی کو سمجھ نہیں پائیں گے جب تک وہ ہمارے دروازے پر دستک نہ دے؟

انہوں نے کہاکیا دہشت پھیلانے والوں اور اس کے متاثرین کو ایک ہی پیمانے سے ناپا جا سکتا ہے؟ کیا ہمارے عالمی ادارے اپنی ساکھ کھونے کے خطرے سے دوچار ہیں؟ مودی نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے فیصلہ کن عالمی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا، اگر ہم انسانیت کے خلاف کھڑی اس دہشت گردی کے خلاف آج فیصلہ کن قدم نہیں اٹھائیں گے، تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔

مودی نے کہا، مفاد پرستی کے تحت دہشت گردی کو نظر انداز کرنا یا دہشت گردوں کی حمایت کرنا انسانیت سے غداری ہے۔ وزیر اعظم نے زور دیا کہ دہشت گردی کے معاملے میں دوہرا معیار برداشت نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا حال ہی میں ہندوستان کو ایک بزدلانہ اور ظالمانہ دہشت گرد حملے کا سامنا کرنا پڑا۔ 22 اپریل کو ہونے والا حملہ صرف پہلگام پر حملہ نہیں تھا بلکہ ہر ہندوستانی کی روح، شناخت اور عزت پر براہ راست حملہ تھا۔

مودی نے کہا، یہ پوری انسانیت پر حملہ تھا۔ میں ان تمام دوستوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اس حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لیے توانائی تحفظ کو یقینی بنانا "ہماری سب سے بڑی چیلنجز میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا، ہم اسے صرف ترجیح ہی نہیں بلکہ اپنے شہریوں کے تئیں ذمہ داری بھی مانتے ہیں۔

ہندوستان نے دستیابی، رسائی، استطاعت اور قبولیت کے بنیادی اصولوں پر چلتے ہوئے جامع ترقی کا راستہ چنا ہے۔ مودی نے کہا کہ تمام ممالک کو توانائی کی منتقلی کی سمت میں مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا ہمیں 'میں نہیں، ہم' کے جذبے کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے گلوبل ساؤتھ (پسماندہ یا ترقی پذیر ممالک) کو سب سے زیادہ نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ چاہے دنیا میں کہیں بھی تنازع ہو، سب سے پہلے یہ ممالک ہی خوراک، ایندھن، کھاد اور مالی بحران کا سامنا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے عوام، سامان، پیداوار اور نقل و حرکت بھی متاثر ہوتی ہے۔ مودی نے کہا: ہندوستان گلوبل ساؤتھ کی ترجیحات اور خدشات کو عالمی پلیٹ فارم پر اجاگر کرنا اپنی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ ہمارا ماننا ہے کہ جب تک دوہرا معیار قائم رہے گا، انسانیت کی پائیدار اور جامع ترقی ممکن نہیں ہوگی۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ ہندوستان نے ہمیشہ اپنی خودغرضی سے اوپر اٹھ کر انسانیت کے فائدے کے لیے کام کیا ہے اور مستقبل میں بھی تمام معاملات میں جی-7 کے ساتھ بات چیت اور تعاون جاری رکھے گا۔

وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور توانائی کے میدان میں یقینا اے آئی  تمام شعبوں میں کارکردگی بڑھانے اور جدت لانے کا ایک طاقتور ذریعہ بن کر ابھرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جس کے لیے بہت زیادہ توانائی درکار ہوتی ہے۔ اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی بڑھتی ہوئی توانائی کھپت، اور موجودہ ٹیکنالوجی پر مبنی سماج کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو صرف قابلِ تجدید توانائی ذرائع کے ذریعے ہی پائیدار طریقے سے پورا کیا جا سکتا ہے۔

وزیر اعظم نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ ایک بین الاقوامی نظم و نسق کے قیام کی سمت میں کام کریں جو اے آئی سے متعلق خدشات کو دور کرتے ہوئے جدت کو بھی فروغ دے۔ انہوں نے کہا: تبھی ہم اے آئی کو عالمی بھلائی کے لیے ایک طاقتور قوت میں بدل سکیں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ اے آئی کے دور میں اہم معدنیات اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں قریبی تعاون بے حد ضروری ہے۔

انہوں نے سپلائی چینز کو لچکدار اور محفوظ بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا: ہمیں یہ بھی یقینی بنانا ہوگا کہ کوئی بھی ملک ان سپلائی چینز کا استعمال صرف اپنے مفاد کے لیے یا بطور ہتھیار نہ کرے۔ مودی نے کہا کہ 'ڈیپ فیک' بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے کیونکہ یہ معاشرے میں بدامنی پیدا کر سکتا ہے۔