دبئی
دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب ایک ڈرون کے ایندھن کے ٹینک سے ٹکرانے کے بعد شدید آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد ہنگامی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور حکام نے پروازوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا۔ حکام کے مطابق واقعہ پیش آنے کے فوراً بعد دبئی سول ڈیفنس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر روانہ کی گئیں اور انہوں نے آگ بجھانے کی کارروائی شروع کی۔
دبئی میڈیا آفس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا كہ دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب پیش آنے والے ڈرون واقعے کے نتیجے میں ایندھن کے ایک ٹینک کو نقصان پہنچا ہے۔
بعد میں حکام نے بتایا کہ صورتحال قابو میں ہے۔ میڈیا آفس کے مطابق دبئی سول ڈیفنس کی ٹیموں نے دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب واقع ایندھن کے ٹینک میں دھماکے کے بعد لگنے والی آگ کو کامیابی کے ساتھ بجھا دیا ہے اور اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
احتیاط کے طور پر پروازیں معطل
دبئی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بتایا کہ حفاظتی اقدامات کے تحت ہوائی اڈے پر پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں۔ دبئی میڈیا آفس نے ایکس پر لکھا کہ تمام مسافروں اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدبیر کے طور پر دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پروازیں وقتی طور پر روک دی گئی ہیں۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی پروازوں سے متعلق تازہ معلومات کے لیے متعلقہ ایئر لائنز سے رابطہ کریں۔ مزید معلومات دستیاب ہوتے ہی سرکاری ذرائع کے ذریعے اعلان کیا جائے گا۔
ایمریٹس کی پرواز کوچّی واپس لوٹ آئی
دبئی جانے والی ایمریٹس ایئر لائن کی ایک پرواز سکیورٹی وجوہات کی بنا پر کوچّی واپس لوٹ گئی۔ ایمریٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ دبئی آنے اور جانے والی تمام پروازیں عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہیں اور مسافروں سے کہا گیا ہے کہ وہ فی الحال ہوائی اڈے نہ جائیں۔ کمپنی نے کہا کہ جیسے ہی نئی معلومات دستیاب ہوں گی، مسافروں کو آگاہ کیا جائے گا۔
ایمریٹس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مسافروں اور عملے کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس معاملے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔حکام کے مطابق خطے میں کشیدگی شروع ہونے کے بعد سے ایران نے متحدہ عرب امارات کی سمت میں 1800 سے زائد میزائل اور ڈرون داغے ہیں، جن میں سے بیشتر کو فضائی دفاعی نظام نے راستے میں ہی تباہ کر دیا۔
آبنائے ہرمز پر ٹرمپ کی وارننگ
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے خبردار کیا ہے کہ اگر نیٹو کے رکن ممالک آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی کوششوں کی حمایت نہیں کرتے تو نیٹو کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔