برسلز: یورپی یونین کے اراکینِ پارلیمنٹ نے بدھ کے روز جنوبی امریکی ممالک کے تجارتی بلاک مرکوسور کے ساتھ ایک اہم آزاد تجارتی معاہدے کو روکنے کے لیے ووٹنگ کی۔ یورپی ارکانِ پارلیمنٹ نے اس معاہدے کی قانونی حیثیت پر خدشات کا اظہار کیا تھا۔
فرانس کے شہر اسٹرسبورگ میں ہونے والی ووٹنگ کے دوران اراکین نے معمولی فرق سے اس تجویز کی منظوری دی کہ یورپی یونین–مرکوسور معاہدے کو یورپ کی اعلیٰ ترین عدالت میں بھیجا جائے، تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ آیا یہ معاہدہ یورپی یونین کے معاہدوں اور قوانین کے مطابق ہے یا نہیں۔
ووٹنگ میں 334 ارکان نے معاہدے کے قانونی جائزے کے حق میں ووٹ دیا، جبکہ 324 ارکان نے اس کی مخالفت کی، اور 11 اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔ یہ کثیر الانتظار آزاد تجارتی معاہدہ ہفتے کے روز نافذ ہو گیا تھا۔ اس کا مقصد دنیا بھر میں بڑھتے ہوئے تحفظ پسندی کے رجحانات اور تجارتی کشیدگی کے پیش نظر تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
مرکوسور، جسے جنوبی مشترکہ منڈی بھی کہا جاتا ہے، لاطینی امریکہ کا ایک علاقائی تجارتی اتحاد ہے، جس کی بنیاد ابتدا میں ارجنٹینا، برازیل، پیراگوئے اور یوراگوئے نے رکھی تھی۔ بعد میں وینزویلا اور بولیویا بھی اس میں شامل ہو گئے۔ اس اتحاد کی بنیاد 1991 میں رکھی گئی تھی، جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان اشیا، خدمات، سرمائے اور افراد کی آزادانہ نقل و حرکت کو فروغ دینا ہے۔