روزگار میں معذور افراد کے ساتھ امتیاز: سپریم کورٹ کا مرکز سے سوال

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2025
روزگار میں معذور افراد کے ساتھ امتیاز: سپریم کورٹ کا مرکز سے سوال
روزگار میں معذور افراد کے ساتھ امتیاز: سپریم کورٹ کا مرکز سے سوال

 



نئی دہلی: روزگار میں معذور افراد کے ساتھ امتیاز کا ذکر کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے جمعہ کو مرکز سے یہ سوال کیا کہ کیا غیر محفوظ (ان ریزروڈ) زمرے کے لیے مقررہ ’’کٹ آف‘‘ سے زیادہ نمبر حاصل کرنے والے اہل و باصلاحیت امیدواروں کو ’’آگے بڑھانے‘‘ کے لیے کوئی اقدامات کیے گئے ہیں؟

جسٹس وکرم ناتھ اور جسٹس سندیپ مہتا کی بنچ نے معذور افراد کے سامنے آنے والی نظامی رکاوٹوں کو دور کرنے اور قانونی تحفظات کے نفاذ کو یقینی بنانے کے مطالبے والی عرضیوں پر یہ تبصرہ کیا۔ بنچ نے معذور افراد کے حقوق کے قانون (RPwD) 2016 کے تحت ریزرویشن کے پہلو پر غور کرتے ہوئے کہا کہ دفعہ 34 کے تحت ’’ریزرویشن‘‘ کی مثبت تشریح لازمی ہے۔ یہ دفعہ روزگار میں معذور افراد کے لیے ریزرویشن سے متعلق ہے۔

بنچ نے کہا کہ سماجی نظام کے نتیجے میں امتیاز کا سامنا کرنے والے طبقات کے مقابلے معذور افراد کو کہیں زیادہ بھیدبھاؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 65 صفحات پر مشتمل فیصلے میں کہا گیا کہ معذور افراد آئین کے آرٹیکل 16(4) کے تحت سماجی ریزرویشن کے حقدار ہیں۔ اس شق کے مطابق اگر کوئی امیدوار امتحان میں اچھا مظاہرہ کرے اور غیر محفوظ زمرے کے کٹ آف سے زیادہ نمبر لے، تو اسے اوپر بڑھایا جانا چاہیے۔

عدالت نے کہا کہ ایسے اہل امیدوار خود بخود غیر محفوظ زمرے میں چلے جاتے ہیں، جس سے ریزرو سیٹ خالی ہو جاتی ہے اور وہ کم نمبر لینے والے ریزرو امیدوار کو دے دی جاتی ہے۔ عدالت نے افسوس ظاہر کیا: ’’ہمیں یہ بتایا گیا ہے اور یہ انتہائی تشویش کی بات ہے کہ معذور افراد کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جا رہا، نتیجتاً وہ اعلیٰ نمبروں کے باوجود اوپر بڑھنے سے محروم رہ جاتے ہیں۔‘‘

بنچ نے کہا کہ یہ دفعہ 34 کے بنیادی مقصد کو ناکام بناتا ہے اور ’’معذور افراد کے ساتھ امتیاز کی ایک نمایاں مثال‘‘ ہے، جسے فوری طور پر درست کرنے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے کہا کہ ’’اوپر کی طرف منتقلی‘‘ (Upward Mobility) کے اصول کے مطابق، جو ریزرو امیدوار عام کٹ آف سے زیادہ نمبر حاصل کرے، اسے غیر محفوظ فہرست میں منتقل کیا جانا چاہیے، لیکن افسوس کہ فی الحال معذور افراد کو یہ فائدہ نہیں دیا جا رہا۔

بنچ نے مزید کہا: ’’ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت ہند یہ واضح کرے کہ اگر کوئی معذور امیدوار غیر محفوظ زمرے کے لیے مقررہ کٹ آف سے زیادہ نمبر لے تو انہیں آگے بڑھانے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے ہیں؟‘‘ عدالت نے کہا کہ یہی اصول پروموشن (ترقی) پر بھی لاگو ہونا چاہیے۔

بنچ نے زور دیا کہ ایسے فیصلے کا مقصد یہ ہونا چاہیے کہ ریزرویشن کا حقیقی اور ضروری فائدہ ان لوگوں تک پہنچے جو سب سے زیادہ ضرورت مند ہیں، اور یہ بھی یقینی بنایا جائے کہ کسی معذور شخص کو صرف غربت یا سہولتوں کی کمی کی وجہ سے اس کے جائز حق سے محروم نہ کیا جائے۔

عدالت نے کہا: ’’یہ کارروائی مساوات، وقار اور شمولیت کے آئینی وعدے کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جانی چاہیے تاکہ ریزرویشن کا فائدہ نہ تو کم کیا جائے اور نہ ہی ان سے چھینا جائے جنہیں اس کی واقعی ضرورت ہے۔‘‘ سپریم کورٹ نے مرکز سے 14 اکتوبر تک اپنے سوال کا جواب دینے کو کہا۔

عدالت نے آٹھ نیشنل لا یونیورسٹیوں کے ’’پروجیکٹ ایبیلٹی ایمپاورمنٹ‘‘ کی ایک تفصیلی رپورٹ چھ ماہ کے اندر پیش کرنے کا حکم دیا، جس میں نظامی اصلاحات اور کمیونٹی پر مبنی متبادل اقدامات کے لیے قابلِ عمل سفارشات شامل ہوں۔ ساتھ ہی عدالت نے ’’پروجیکٹ ایبیلٹی ایمپاورمنٹ‘‘ کے تحت ملک بھر میں ریاستی سرپرستی میں چلنے والے تمام اداروں کی نگرانی کی بھی ہدایت دی جو علمی معذوری (Cognitive Disability) کے مریضوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں۔ بنچ نے معاملے کی مزید سماعت 13 مارچ 2026 تک ملتوی کر دی۔