ڈیانا کی 60ویں سالگرہ: مجسمے کی نقاب کشائی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-07-2021
ماں کے مجسمے کے ساتھ دونوں بیٹے
ماں کے مجسمے کے ساتھ دونوں بیٹے

 

 

لندن: شہزادی ڈیانا کی 60ویں سالگرہ کے موقعے پر ان کے مجسمے کی نقاب کشائی کر دی گئی۔ پرنسز آف ویلز کا یہ مجسمہ لندن کے کنسنگٹن محل کے سنکن گارڈن میں نصب کیا گیا ہے۔

 برطانوی جریدے دی انڈپینڈنٹ کے مطابق شہزادی ڈیانا کی شہزادہ چارلس سے سال 1981 میں ہونے والی شادی کے بعد ان کے رہائشی محل میں یہ مقام ان کے پسندیدہ ترین مقامات میں سے ایک تھا۔ سال 2017 میں شہزادے ہیری اور میگن مارکل نے اپنی منگنی کے لیے اسی مقام پر تصاویر بنوائی تھیں۔

 اس مجسمے کی تیاری کا حکم ڈیانا کے بیٹوں شہزادے ولیم اور ہیری نے سال 2017 میں اپنی والدہ کی بیسویں برسی کے موقعے پر دیا تھا۔ شہزادی ڈیانا 31 اگست 1997 کو چل بسی تھیں۔۔

 یاد رہے شہزادہ ہیری اس تقریب میں شرکت کے لیے کیلی فورنیا سے برطانیہ سے پہنچے ہیں۔

 مجسمے کی تیاری کا حکم دینے کے موقع پر دونوں بھائیوں کا کہنا تھا کہ ’ہماری والدہ نے بہت سی زندگیوں کو بدلا ہے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ مجسمہ ان افراد کی مدد کرے گا جو کنسنگٹن محل میں ان کی زندگی اور ان کی یاداشتوں کو دیکھنے آئیں گے۔

 یہ مجسمہ رینک براڈلے نے بنایا ہے جو اس سے قبل بھی شاہی خاندان کے حوالے سے ہونے والے کئی منصوبوں میں شامل رہے ہیں۔

 اس مجسمے کی تیاری اور نقاب کشائی سال 2017 میں کی جانی تھی جب اس کا حکم دیا گیا تھا لیکن یہ اب تک تاخیر کا شکار رہا ہے۔