امریکہ میں جہاز تباہ، 12 کی موت

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 06-11-2025
امریکہ میں جہاز تباہ، 12 کی موت
امریکہ میں جہاز تباہ، 12 کی موت

 



لوئی ول (امریکہ) ایک وفاقی عہدیدار کے مطابق، کینٹکی میں ٹیک آف کے فوراً بعد یو پی ایس (UPS) کارگو طیارے کے بائیں بازو میں آگ لگ گئی اور ایک انجن الگ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارہ گر کر تباہ ہو گیا اور دھماکے سے پھٹ گیا۔ یہ حادثہ کم از کم 12 افراد، بشمول ایک بچے، کی موت کا سبب بنا۔یہ اب تک کی ابتدائی تحقیقاتی تفصیلات ہیں جو سامنے آئی ہیں۔

گورنر اینڈی بشیئر نے بدھ کے روز کہا کہ بچ جانے والوں کے ملنے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ امدادی عملہ یو پی ایس ورلڈ پورٹ کے جل کر راکھ ہو چکے علاقے میں تلاش کر رہا ہے ، یہ کمپنی کا عالمی ہوائی مرکز ہے جو لوئی ول میں واقع ہے۔آگ نے نہ صرف بڑے کارگو طیارے کو نگل لیا بلکہ قریبی کاروباری اداروں تک بھی پھیل گئی۔

نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کے رکن ٹڈ انمین نے بتایا کہ ٹیک آف کی منظوری کے بعد طیارے کے بائیں بازو میں ایک بڑی آگ بھڑک اٹھی۔
NTSB اب یہ معلوم کرنے کی کوشش کرے گا کہ آگ لگنے کی وجہ کیا تھی اور انجن کیوں الگ ہوا۔
تحقیقات مکمل ہونے میں ایک سال سے زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔

انمین کے مطابق، طیارے نے اتنی بلندی حاصل کر لی تھی کہ رن وے کے آخر میں باڑھ کو عبور کر سکے، لیکن وہ لوئی ول محمد علی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے بالکل باہر گر گیا۔ایئرپورٹ کی سیکیورٹی ویڈیو میں یہ دکھایا گیا ہے کہ “ٹیک آف کے دوران بائیں طرف کا انجن بازو سے الگ ہوتا دکھائی دیتا ہے۔”انمین نے بتایا کہ کوک پٹ وائس ریکارڈر اور ڈیٹا ریکارڈر دونوں برآمد کر لیے گئے ہیں، جبکہ انجن ہوائی اڈے کے علاقے سے برآمد ہوا۔

انہوں نے بتایا: “اس طیارے کے مختلف پرزے مختلف جگہوں پر بکھرے ہوئے ہیں،” اور ملبے کا علاقہ آدھے میل تک پھیلا ہوا ہے۔یہ طیارہ، جس میں تین افراد سوار تھے، منگل کو شام تقریباً 5:15 بجے گر کر تباہ ہوا، جب وہ لوئی ول ایئرپورٹ پر واقع UPS ورلڈ پورٹ سے ہونولولو کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔

حادثے کے نتیجے میں قریبی علاقوں میں تباہی کی لہر دوڑ گئی ، کینٹکی پیٹرولیم ری سائیکلنگ پلانٹ میں چھوٹے دھماکے ہوئے اور ایک آٹو پارٹس یارڈ (Grade A Auto Parts) پر بھی اثر پڑا۔
گورنر بشیئر نے بتایا کہ جو بچہ ہلاک ہوا وہ اپنے والدین کے ساتھ آٹو پارٹس کے کاروبار پر موجود تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ ایک “رحمت” تھی کہ طیارہ قریبی فورڈ موٹر فیکٹری یا کنونشن سینٹر سے نہیں ٹکرایا۔کئی لوگوں نے بتایا کہ وہ اب بھی اس دھماکے، دھوئیں اور جلتے ایندھن کی بدبو سے لرزے ہوئے ہیں۔قریب میں کام کرنے والی سمر ڈکرسن نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ ہمیں حملہ کیا گیا ہے یا کیا ہو رہا ہے۔

اسٹوگیز بار اینڈ گرل کی بارٹینڈر کائلا کینیڈی نے بتایا کہ جیسے ہی وہ گاہک کو بیئر دینے جا رہی تھی، اچانک لائٹ جھپکنے لگی۔“میں نے آسمان میں ایک طیارہ دیکھا جو ہمارے والی بال کورٹ کے اوپر آگ میں لپٹا نیچے آ رہا تھا۔
اسی لمحے میں گھبرا گئی، میں مڑی، بار کے اندر بھاگی اور چیخ کر سب کو بتایا کہ طیارہ گر رہا ہے۔”منیجر لن کیسن نے بتایا کہ دھماکے، جو صرف 90 میٹر کے فاصلے پر تھے، عمارت کو تین بار ہلا گئے ،“جیسے کوئی ہمیں بم سے اڑا رہا ہو” ، لیکن خوش قسمتی سے کوئی زخمی نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا: “اللہ واقعی ہمارے ساتھ تھا۔”لوئی ول کے میئر کریگ گرین برگ نے بدھ کی شام سوشل پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر اعلان کیا کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 12 ہو گئی ہے۔

انہوں نے لکھا: “براہ کرم ایک لمحہ نکال کر اپنے پیاروں کو گلے لگائیں اور اپنے پڑوسیوں کا حال چال پوچھیں۔”گورنر نے پیش گوئی کی کہ ہلاکتوں کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے، کیونکہ حکام “کچھ اور لوگوں” کی تلاش کر رہے ہیں،لیکن انہوں نے کہا کہ “ہمیں مزید کسی کے زندہ بچنے کی امید نہیں ہے۔”اوکولونا فائر ڈسٹرکٹ کے چیف مارک لٹل نے کہا کہ ملبہ ہٹانے اور تلاش کا عمل کافی طویل ہو گا۔

“ہمیں کافی وقت لگے گا،” انہوں نے کہا۔یونیورسٹی آف لوئی ول اسپتال کے مطابق دو افراد کو جھلسنے کے یونٹ میں تشویشناک حالت میں رکھا گیا ہے،جبکہ 18 افراد کو ابتدائی علاج کے بعد اسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ایئرپورٹ شہر کے مرکز سے تقریباً 11 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے، جو انڈیانا ریاستی سرحد، رہائشی علاقوں، ایک واٹر پارک اور میوزیمز کے قریب واقع ہے۔ایئرپورٹ نے بدھ کے روز کم از کم ایک رن وے کے ساتھ دوبارہ آپریشن شروع کر دیا۔

گورنر بشیئر نے کہا کہ انہیں 1991 میں بنائے گئے McDonnell Douglas MD-11 طیارے پر سوار تین UPS عملے کے ارکان کی حالت کے بارے میں علم نہیں۔
یہ واضح نہیں کہ آیا انہیں ہلاک شدگان میں شامل کیا گیا ہے یا نہیں۔

UPS نے ایک بیان میں کہا کہ وہ “انتہائی افسردہ” ہے۔
لوئی ول میں واقع یہ پیکیج ہینڈلنگ فسیلٹی کمپنی کی سب سے بڑی تنصیب ہے،
جہاں 20,000 سے زیادہ افراد کام کرتے ہیں، روزانہ 300 پروازیں ہوتی ہیں اور ہر گھنٹے میں 4 لاکھ سے زیادہ پارسلز کو ترتیب دیا جاتا ہے۔

سابق وفاقی حادثہ تفتیش کار جیف گزیتی نے کہا کہ طیارہ رن وے پر دوڑتے وقت آگ لگنے کی کئی ممکنہ وجوہات ہو سکتی ہیں۔“ممکن ہے انجن جزوی طور پر الگ ہوا ہو اور فیول لائنز پھٹ گئی ہوں۔یا ایندھن کا رساؤ بھڑک کر انجن کو جلا گیا ہو۔ ابھی یقین سے کچھ کہنا جلدی ہو گا۔”

،زیتی نے کہا کہ یہ حادثہ 1979 کے ایک حادثے سے کافی مشابہت رکھتا ہے،
جب امریکی ایئرلائنز کا بایاں انجن شکاگو کے اوہیئر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے روانگی کے دوران الگ ہو گیا تھا،
جس میں 273 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس UPS طیارے اور امریکی طیارے دونوں میں جنرل الیکٹرک کے ایک جیسے انجن نصب تھےاور دونوں نے حادثے سے ایک ماہ قبل بھاری مرمت (Heavy Maintenance) کروائی تھی۔
NTSB نے شکاگو کے حادثے کی وجہ “غلط مینٹیننس” قرار دی تھی۔
1979 کا حادثہ DC-10 طیارے کا تھا، جبکہ MD-11 UPS طیارہ اسی ماڈل پر مبنی ہے۔

فلائٹ ریکارڈ کے مطابق UPS طیارہ 3 ستمبر سے 18 اکتوبر تک سان انتونیو میں زمین پر کھڑا رہا،لیکن یہ واضح نہیں کہ اس دوران کیا مرمت کی گئی اور اس کا حادثے سے کوئی تعلق تھا یا نہیں۔