سمندری طوفان’تاؤتے‘ نے مچانی شروع کردی تباہی

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-05-2021
گوا کا منظر
گوا کا منظر

 

 

آواز دی وائس: نئی دہلی

سمندری طوفان ’تاوتے‘ نے اپنی تیز ہواوں اور بارش کے ساتھ تباہی برپا کرنی شروع کردی ہے،کیرالہ میں موسلا دھار بارش میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں جبکہ سینکڑوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے ہیں ۔سمندری طوفان میں وقت کے ساتھ تیزی آتی جارہی ہے ، 18 مئی کو جب گجرات کی ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے تو اس کی رفتار 175 کلو میٹر فی گھنٹے کی ہوگی۔

موسمیات محکمے نے کہا ہے کہ اگلے 24 گھنٹے میں سمندری طوفان تاﺅتے کے زور پکڑنے کا قوی امکان ہے۔ امکان ہے کہ یہ منگل کو صبح سویرے بھاونگر ضلعے میں پوربندر اور مہوا کے درمیان گجرات ساحل کو پار کرجائے گا۔ موسمیات محکمے کے مطابق مشرقی وسطی بحیرہ عرب سے اٹھنے والا انتہائی شدید سمندری طوفان تاﺅتے شمال کی سمت بڑھ گیا ہے اور یہ پنجم گوا کے لگ بھگ 130 کلو میٹر مغرب-جنوب مغرب اور ممبئی کے 450 کلو میٹر جنوب میں مرکوز ہے۔ اگلے 24 گھنٹے میں اِس کے زور پکڑنے اور شمال-شمال مغرب کی سمت بڑھنے اور کَل شام گجرات ساحل پر پہنچنے کا امکان ہے۔۔

 موسمیات محکمے نے وارننگ دی ہے کہ گجرات میں کَل صبح سے کہیں کہیں بھاری اور بہت بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔ اِس کے ساتھ ساتھ 145 سے لے کر 155 کلو میٹر فی گھنٹے کی رفتار سے ہوا کے تیز جھکڑ چلنے کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔ ماہی گیروں سے کہا گیا ہے کہ وہ ساحل پر واپس آجائیں اور 18 مئی تک سمندر میں نہ جائیں۔

 ہمارے احمد آباد کے نامہ نگار نے خبر دی ہے کہ گجرات سرکار نے شدید سمندری طوفان تاﺅتے کے اثر کو کم سے کم کرنے کی خاطر انتظامیہ کو مستعد کردیا ہے۔

 سمندری طوفان کے زیر اثر گجرات کے ساحلی ضلعوں میں بھاری بارش ہونے کا امکان ہے۔ اِن میں جوناگڑھ، گیرسومناتھ، سوراشٹر، کَچھ، پوربندر، دیوبھومی دوارکا اور جام نگر شامل ہیں۔

 مہاراشٹر میں آج دوپہر سے ممبئی میں بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ کَل ساحلی رتناگری ضلع میں موسلادھار بارش ہونے کی اطلاع ملی ہے۔

کل ہی ،ملک کی پانچ ریاستوں میں ہائی الرٹ جاری ہوچکا ہے،محکمہ موسمیات پل پل کی خبر دے رہا ہے۔جس کی رفتار تو ابھی تو شمال مغربی سمت میں کم ہے ،لیکن اگلے چھ گھنٹے کے دوران اس میں شدت پیدا ہوگی اوراگلے 12 گھنٹے کے دوران اس شدت میں غیر معمولی اضافہ ہوگا ار گجرات تک پہنچتے پہنچتے اس کی رفتار 175 کلو میٹر فی گھنٹے کی ہوسکتی ہے۔ایک بڑا خطرہ جس نے پوری انتظامیہ کو حرکت میں لادیا ہے۔مرکز سے ریاستی حکومتوں تک کے درمیان بہتر تال میل پیدا کیا جارہا ہے۔ بچاو کاری اور راحت کاری کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور ہنگامی حالات کے دوران جنگی پیمانے پر کام کی تیاریاں مکمل کی جارہی ہیں۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 12 گھنٹے میں سمندری طوفان تاؤتے بھیانک شکل اختیار کرسکتا ہے اور منگل کے روز تک اس کے گجرات کے ساحل سے ٹکرانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ، اس کے اگلے چھ گھنٹوں کے دوران ’’ خطرناک سمندری طوفان‘‘ اور بعد کے 12 گھنٹوں کے دوران ’ مزید خطرناک سمندری طوفان ‘ میں تبدیل ہونا کا امکان ہے۔ اس کے شمال مغرب کی طرف بڑھنےاور 18 مئی کی سہ پہر / شام کے آس پاس پوربندر اور نالیاکے درمیان گجرات کے ساحل کو عبور کرنے کا کافی امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ گجرات اور دیو کے ساحلوں کو طوفان کی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔ یہ اس سال کا پہلا سمندری طوفان ہے۔

محمکہ موسمیات نے کیرالہ،کرناٹک،تمل ناڈو،گجرات اور مہاراشٹر کےلئے ہائی الرٹ جاری کیا ہے۔کیرالہ میں تاوتے نے تباہی مچانی شروع کردی ہے۔موسلا دھار بارش اور تیز ہواوں نے کیرالہ میں اس طوفان سے ممکنہ تباہی کی جھلک دکھانا شروع کردیا ہے۔ممبئی میں بارش کی آمد آمد ہے۔ ممبئی میں ورلی برج ’سی لنک‘ کو بند کردیا گیا ہے۔

 پی ایم نے لیا تیاریوں کا جائزہ

کل وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتے کے روز طوفان تاو تے طوفان کے خطرات کے سلسلے میں اہم میٹنگ کی اورصورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ ریاستوں ، مرکزی وزارتوں اور ایجنسیوں کی تیاریوں کا جائزہ لیا تھااور ان سے لوگوں کو محفوظ طریقے سے نقل مکانی کرنے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کو کہا تھا۔ انہوں نے بجلی ، ٹیلی مواصلات ، صحت اور پینے کے پانی جیسی تمام ضروری خدمات کی بحالی کو یقینی بنانے اور ان کو پہنچنے والے نقصانات کی صورت میں ان کی فوری بحالی کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا تھا۔ اس میٹنگ میں وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی شرکت کی،مودی نے سب افسران کو ہدایات دی ہے کہ خصوصی اقدامات کئے جائیں۔کووڈ اسپتالوں میں خصوصی انتظامات پر زور دیا ہے۔بجلی کے بریک ڈاون کی صورتحال میں متبادل انتظام کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔

ٹرینوں کو کیا گیا رد 

سمندری طوفان کے خطرے کے سبب اب انڈین ریلویز نے متعدد ٹرینوں کو کینسل کردیا ہے۔ویٹسرن ریلوے کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ۱۷ اور ۱۸ مئی کو گجرات کے ساحلی علاقوں میں طوفان کے خطرے کے پیش نظر کچھ ٹرینوں کو رد کردیا گیا ہے اور کچھ کو منزل سے پہلے ہی روکنے کا فیصلہ ہوا ہے۔

بچاو ٹیمیں تیار

 قومی آفات سے نمٹنے والی فورس (این ڈی آر ایف) کی 50 سے زیادہ ٹیموں کو پانچ ریاستوں - کیرالہ ، کرناٹک ، تمل ناڈو ، گجرات اور مہاراشٹر میں لوگوں کو محفوظ جگہ پہنچانے اور امدادی اور بچاؤ کے کاموں کے سلسلے میں تعینات کیا گیا ہے۔ متعلقہ ریاستوں نے ساحلی علاقوں میں اسٹیٹ ڈیزاسٹر رسپانس فورس (ایس ڈی آر ایف) کی ٹیمیں بھی تعینات کی ہیں۔ان ریاستوں کے مختلف حصوں میں ریڈ اور اورنج الرٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔ لکشدیپ کے نشیبی علاقوں میں سیلاب آنے کا امکان ہے۔۔ مشرق وسطی وجنوب مغرب بحیرہ عرب پر مرکوزسمندری طوفان تاوٹے نے شمال مغربی سمت 11کیلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے گذشتہ 6گھنٹوں کے دوران پیشرفت کی ہے اور اب یہ ہفتہ کو صبح 8.30بجے مشرق وسطی اور جنوب مغرب بحیرہ عرب پر مرکوز ہے۔

awazurdu

رفتار 155 سے 175 کلو میٹر فی گھنٹے تک ۔

 بحیرہ عرب میں اٹھنے والے گردابی طوفان تاوتے کے اگلے 12 گھنٹے میں خطرناک (سیویئر) اور 24 گھنٹے میں بے حد خطرناک (ویری سیویئر) زمرے کے طوفان میں تبدیل ہونے اور 18 مئی کو گجرات کے نالیا اور پوربندر کے درمیان، ساحل سے ٹکرانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس کے خطرناک طوفان میں بدلنے اور گجرات ساحل سے ٹکرانے کے دوران ہواؤں کی رفتار 155 سے 175 کلو میٹر فی گھنٹے تک ہو سکتی ہے۔ اسی کے ساتھ شدید بارش بھی ہو سکتی ہے۔ فی الحال اس کے آس پاس ہواؤں کی رفتار 85 سے 95 کلومیٹر ہے جو آج دیر رات تک 110 سے 135 کلو میٹر فی گھنٹہ اور کل تک 155 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔مشرقی وسطیٰ اور جنوب مشرقی بحیرہ عرب میں اٹھنے والا یہ طوفان آج صبح 05:30 بجے گجرات کے ویراول ساحل سے 960 کلو میٹر جنوب۔جنوب مشرق میں واقع تھا۔ اس کے 18 مئی کی دوپہر سے شام تک گجرات میں پوربندر اور نالیا کے درمیان، ساحل سے ٹکرانے اور گذرنے کا امکان ہے۔

ہائی الرٹ 

  گجرات کی حکومت طوفان کے گجرات کی جانب بڑھنے کے الرٹ کے پیش نظر متحرک ہو گئی ہے۔ اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینیجمنٹ محکمہ کے ایک افسر نے بتایا کہ طوفان کی رفتار اور سمت پر باریکی سے نظر رکھی جا رہی ہے۔ اس حساب سے تیاری بھی کی جا رہی ہے۔ ادھر کسی بھی صورت سے نمٹنے کے لیے اڑیسہ سے بھی این ڈی آر ایف کی کچھ ٹکڑیوں کو گجرات بلایا جا رہا ہے۔ ضرورت پڑنے پر ساحلی علاقوں سے عوام کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جائے گا۔

فضائیہ بھی تیار

فضائیہ (آئی اے ایف) نے سمندری طوفان تاؤتے کے تعلق سے جزیرہ نما بھارت میں اپنے 16 نقل و حمل کے کام آنے والے طیاروں اور 18 ہیلی کاپٹروں کو تیار رکھا ہے۔ اس طوفان کے سبب آئندہ کچھ دنوں میں ہندوستان کے مغربی ساحل سے متصل علاقوں میں بہت بھاری سے انتہائی بھاری بارش کا امکان ہے۔۔ ایک آئی ایل- 76 ایئر کرافٹ نے 127 عملہ اور 11 ٹن کارگو کو بھٹنڈہ سے جام نگر ایئرلفٹ کیا ہے۔ ایک سی- 130 ایئر کرافٹ نے 25 عملہ اور 12.3 ٹن کارگو کو بھٹنڈہ سے راجکوٹ ایئر لفٹ کیا ہے۔ دو سی- 130 ایئرکرافٹ نے 126 عملہ اور 14 ٹن کارگو کو بھونیشور سے جام نگر ایئر لفٹ کیا ہے۔مزید برآں انڈین ایئر فورس کی کووڈ راحت رسانی سے متعلق کارروائیوں کو آئندہ چند دنوں کے لئے ان ساحلی علاقوں میں مرکوز کیا گیا ہے، کیونکہ خراب موسم کے سبب بعد میں ہوائی کارروائیوں پر اثر پڑنے کا اندیشہ ہے۔گردابی طوفان سے متعلق راحتی کارروائیاں کووڈ راحت رسانی کے لئے جاری کارروائیوں کے علاوہ ہیں۔