مشرق وسطی میں کورونا وائرس مزید ہلاکت خیز ہوسکتا ہے، ڈبلیو ایچ او

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 15-07-2021
مشرق وسطی میں کورونا وائرس مزید خطرناک ؟
مشرق وسطی میں کورونا وائرس مزید خطرناک ؟

 

 

جنیوا: عالمی ادارہ برائے صحت نے مشرق وسطی میں کورونا وائرس کے مزید ہلاکت خیز ہونے کے خطرے سے آگاہ کردیا ہے۔ عالمی ادارہ برائے صحت کے مطابق مشرق وسطی کے متعدد ممالک میں ڈیلٹا ویریئنٹ کے پھیلاؤ اور ویکسین کی کم دست یابی سے کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے خوفناک نتائج سامنے آسکتے ہیں۔

ایران ، لیبیا، عراق، تیونس میں 8 ہفتوں تک کیسز کی تعداد میں کمی کے بعد نمایاں تیزی آئی ہے خصوصاً لبنان اور مراکو میں بہت تیزی سے اضافہ متوقع ہے، کیوں کہ عید الاضحٰی کی وجہ سے ہونے والی مذہبی اور سماجی تقریبات سے وائرس مزید پھیل سکتا ہے۔

ڈبلیو ایچ او کے مطابق ہمیں اس بات پر بہت تحفظات ہیں کہ آنے والے ہفتوں میں یہ وبا اپنے ہلا کت خیز نتائج کے ساتھ عروج پر ہوگی۔ ڈبلیو ایچ او نے تیونس کو بھی ایسے ممالک میں شامل کیا ہے جہاں پر کورونا وائرس کی وجہ سے ہونے والی فی کیپیٹا اموات خطے میں سب سے زیادہ ہے، جب کہ جولائی کے ابتدائی ہفتوں میں ایران میں بھی روز سامنے آنے والے کیسز کی تعداد دو گنی ہو چکی ہے۔