کورونا:2022 میں 20 کروڑ 50 لاکھ افراد کاجائےگا روزگار:اقوام متحدہ

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 08-06-2021
کورونا بحران نے 10 کروڑ سے زائد کو غربت کی طرف دھکیل دیا
کورونا بحران نے 10 کروڑ سے زائد کو غربت کی طرف دھکیل دیا

 

 

جینیوا:

اقوام متحدہ نے کہا کہ دنیا بھر میں کام پر کووڈ 19 کے وبائی امراض کا اثر 2008 کے معاشی بحران سے چار گنا زیادہ سنگین ہے۔ رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے بین الاقوامی لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) نے کہا کہ وبائی مرض کا ایک ’تباہ کن‘ اثر پڑا ہے اور وائرس کے بحران سے نمٹنے کی کوشش کی جاری ہے۔

آئی ایل او نے اپنی سالانہ بین الاقوامی لیبر کانفرنس (آئی ایل سی) کا آغاز کیا جو پہلی مرتبہ عملی طور پر منعقد ہوا اور امسال وبائی امراض سے بحالی کے موضوع پر توجہ دی گئی۔ آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گائے رائڈر نے کہا کہ ’کچھ لوگوں کے لیے اس وبائی مرض کا عملی تجربہ تکلیف، تناؤ اور مایوسی پر مبنی رہا‘۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے دوسرے طبقوں کے لیے یہ خوف، غربت اور بقا کی پریشانی کا باعث بنا‘۔ آئی ایل او نے کانفرنس سے قبل اپنی ’سالانہ عالمی روزگاری اور سماجی آؤٹ لک‘ کی رپورٹ میں کہا کہ کورونا کے بحران نے 10 کروڑ سے زائد کارکنوں کو غربت کی طرف دھکیل دیا ہے۔

اس میں کہا گیا کہ کام کے اوقات کم ہوچکے ہیں اور اچھی ملازمت تک رسائی ناممکن ہوگئی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ عالمی بے روزگاری 2022 میں 20 کروڑ 50 لاکھ افراد کو متاثر کر سکتی ہے جو 2019 میں 18 کروڑ 70 لاکھ سے کہیں زیادہ ہے۔ اس میں کہا گیا کہ کورونا سے پہلے موجود روزگار کی سطح وبا کے بعد 2023 تک مکمل طور پر اپنی سطح پر نہیں آسکے گی۔

آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل گائے رائڈر نے کہا کہ مجموعی طور پر دیکھا جائے تو 2008 اور 2009 کے معاشی بحران کے مقابلے میں کورونا کی وجہ سے دنیا میں کام کا بحران چار گنا زیادہ متاثر ہے۔ (ایجنسی ان پٹ)