کورونا ضابطہ:پاکستانی مسافروں کو جہاز سے اتارنا پڑا

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2021
ضابطوں میں سختی
ضابطوں میں سختی

 

 

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات  کی پاکستان سے امارات سفر کرنے والے مسافروں کے لیے کورونا ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی نئی شرط سے بے شمار پاکستانی مسافر متحدہ عرب امارات نہ جاسکے۔

جمعے کے روز پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ’نئی شرط کی وجہ سے کئی مسافروں کو جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا۔‘

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’یو اے ای کی جانب سے پاکستان اور کچھ دیگر ممالک کے لیے نئے سخت اقدامات کے باعث ایئرلائنز کی جانب سے مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑا۔‘

  سی اے اے کے مطابق ’ اماراتی حکام کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں رہائشی اجازت نامہ رکھنے والے مسافروں سے 48 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ اور کورونا ویکسنیشن سرٹیفیکیٹ کی شرط عائد کی گئی ہے۔‘ ’مسافروں کے لیے سفر سے قبل فیڈرل اتھارٹی اینڈ سیٹزن شپ سے منظوری حاصل کرنے کی بھی شرط عائد کی گئی ہے۔

‘ تاہم جمعے کو مسافروں کو پرواز سے چند گھنٹے قبل ’کورونا ریپڈ پی سی آر‘ ٹیسٹ کرانے کی بھی ہدایت جاری کی گئی تاہم پاکستان میں حکام کے مطابق ’کورونا ریپڈ پی سی آر‘ ٹیسٹ کی سہولت کی موجود نہیں ہے۔ پاکستان میں ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے ایئر لائنز نے امارات جانے والے مسافروں کے لیے پروازیں معطل کرنے کا اعلان کر دیا ہے جبکہ صرف ٹرانزٹ پروازیں ہی چلائی جارہی ہیں۔ خیال رہے کہ یہ شرائط صرف امارات جانے والے مسافروں پر عائد کی گئی ہے۔