تہران۔ا:یران کے سپریم لیڈر Mojtaba Khamenei نے جمعرات کی شام اپنے ایک آڈیو پیغام میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کو دشمن پر دباؤ ڈالنے کے لیے بند رکھا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں موجود امریکی فوجی اڈے کشیدگی اور جنگ کو بڑھا رہے ہیں اس لیے مشرق وسطیٰ میں قائم تمام امریکی اڈوں کو بند کر دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ اڈے برقرار رہے تو ان پر حملوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
اپنے پیغام میں مجتبیٰ خامنہ ای نے کہا کہ ایران اپنے شہدا کے خون کا بدلہ لینے سے پیچھے نہیں ہٹے گا اور عوامی اتحاد کے ذریعے دشمن کو شکست دی جائے گی۔ انہوں نے خاص طور پر مناب اسکول کے شہدا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خون کا حساب ضرور لیا جائے گا۔
ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ ایرانی عوام نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ وہ ایک مضبوط اور عظیم قوم ہیں۔ ان کے بقول عوام کی حمایت کے بغیر کسی رہنما کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ انہیں قوم کی بہتر رہنمائی کی توفیق عطا فرمائے۔
مجتبیٰ خامنہ ای نے یہ بھی کہا کہ ایران اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ اتحاد۔ گرمجوشی اور خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے اور خطے میں کسی قسم کا تسلط یا استعمار قائم کرنا نہیں چاہتا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ خطے میں موجود فوجی اڈوں کو ہی نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اگر حالات برقرار رہے تو یہ کارروائیاں جاری رہیں گی۔
انہوں نے اپنے خطاب میں یہ بھی اعلان کیا کہ امریکا اور اسرائیل کے ساتھ جنگ کے دوران زخمی ہونے والے افراد کا علاج مفت کیا جائے گا جبکہ موجودہ صورت حال سے متاثر ہونے والوں کو مالی معاوضہ دینے پر بھی غور کیا جائے گا۔