پاکستان کو طیارہ بھر کے اسلحے دینے کی بات کو چین نے افواہ بتایا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 12-05-2025
پاکستان کو طیارہ بھر کے اسلحے دینے کی بات کو چین نے افواہ بتایا
پاکستان کو طیارہ بھر کے اسلحے دینے کی بات کو چین نے افواہ بتایا

 



بیجنگ: چین کی فوج نے پیر کے روز اُن خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اُس کے سب سے بڑے فوجی مال بردار طیارے نے پاکستان کو ہتھیاروں کی فراہمی کی ہے۔ ساتھ ہی اُن عناصر کو قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے جو اس طرح کی افواہیں پھیلا رہے ہیں۔

پیپلز لبریشن آرمی ایئر فورس نے اس بات کی تردید کی ہے کہ اُس کے شی آن وائی-20 ملٹری ٹرانسپورٹ طیارے نے پاکستان کو ہتھیار پہنچائے ہیں۔ چینی وزارتِ دفاع کی سرکاری ویب سائٹ پر پیر کو شائع ہونے والی ایک رپورٹ میں کہا گیا کہ انٹرنیٹ پر "وائی-20 طیارے کے ذریعے پاکستان کو امدادی سامان پہنچانے" سے متعلق گردش کرنے والی اطلاعات کے بعد ایئر فورس نے ایک بیان میں وضاحت دی ہے کہ یہ تمام دعوے جھوٹے ہیں۔

پی ایل اے ایئر فورس نے غلط معلومات سے متعلق متعدد تصاویر اور تحریروں کے اسکرین شاٹ بھی جاری کیے، جن پر سرخ رنگ سے "افواہ" لکھا ہوا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے: انٹرنیٹ قانون سے بالاتر نہیں ہے۔ جو لوگ فوج سے متعلق افواہیں پھیلائیں گے، اُنہیں قانونی طور پر جوابدہ ٹھہرایا جائے گا۔ چین اور پاکستان کی افواج کے مابین قریبی تعلقات ہیں۔

اس لیے پی ایل اے کی جانب سے کیا گیا یہ انکار خاص اہمیت رکھتا ہے، کیونکہ دو روز قبل ہی بھارت اور پاکستان کے درمیان تمام قسم کی گولہ باری اور فوجی کارروائیاں روکنے پر اتفاق ہوا تھا۔ اسٹاک ہوم انٹرنیشنل پیس ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، چین پاکستان کا سب سے بڑا ہتھیار فراہم کرنے والا ملک بن کر ابھرا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2020 سے 2024 کے درمیان پاکستان کی 81 فیصد ہتھیاروں کی خریداری چین سے ہوئی، جن میں جدید لڑاکا طیارے، ریڈار، بحری جہاز، آبدوزیں اور میزائل شامل ہیں۔

دونوں ممالک مشترکہ طور پر جے-17 لڑاکا طیارے تیار کرتے ہیں، جو پاکستان ایئر فورس کا بنیادی اثاثہ ہے۔ پاکستان کی جانب سے چینی ہتھیاروں کے وسیع پیمانے پر استعمال اور دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی بنیاد پر، حالیہ دنوں میں چینی سرکاری میڈیا نے بھارت-پاکستان کے مابین فوجی کشیدگی میں خاصی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ چین نے پاکستان کے اُن دعووں کو بھی دہرایا ہے جن میں پاکستانی فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کو مار گرانے کی بات کی گئی تھی۔

بھارت نے پچھلے ہفتے، 6 مئی کی رات، پہلگام میں دہشت گرد حملے کے ردعمل میں 'آپریشن سندور' کے تحت پاکستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر میں دہشت گردوں کے نو ٹھکانوں کو تباہ کر دیا تھا۔ اس کے بعد پاکستان کی جانب سے کی گئی ہر کارروائی کا جواب اسی آپریشن کے تحت دیا گیا۔

چینی سرکاری میڈیا نے پاکستان کے دعووں کو نمایاں طور پر شائع کیا، لیکن بھارتی فضائیہ کی طرف سے پاکستان کے اندر بڑے پیمانے پر کی گئی کارروائیوں، جن میں دہشت گردی کے مراکز، ریڈار سسٹمز اور فضائی اڈے شامل تھے، کو زیادہ کوریج نہیں دی گئی۔ بیجنگ میں واقع بھارتی سفارت خانے نے چین کے سرکاری اخبار 'گلوبل ٹائمز' کو متنبہ کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر خبریں شائع کرنے سے پہلے اُن کی تصدیق ضرور کرے۔ سفارتی سطح پر، چین نے کہا ہے کہ وہ بھارت اور پاکستان کے درمیان فائر بندی کرانے میں تعمیری کردار ادا کرے گا۔