چین نے آبنائے ہرمز میں آمدورفت کو یقینی بنانے کو کہا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 16-04-2026
چین نے آبنائے ہرمز میں آمدورفت کو یقینی بنانے کو کہا
چین نے آبنائے ہرمز میں آمدورفت کو یقینی بنانے کو کہا

 



بیجنگ:چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے ایران سے آبنائے ہرمز کے ذریعے محفوظ اور بلا رکاوٹ جہاز رانی یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔ امریکہ کے ساتھ جاری کشیدگی کے دوران تہران کی جانب سے اس اہم سمندری راستے پر دباؤ بڑھنے کے پس منظر میں بیجنگ کی طرف سے یہ پہلی ایسی اپیل ہے۔ وانگ یی نے بدھ کو اپنے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر گفتگو کے دوران بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی کی ضمانت دینے پر زور دیا۔

وانگ کی یہ گفتگو ایسے وقت میں ہوئی جب پاکستان کے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں ایک پاکستانی ثالثی وفد بدھ کو تہران پہنچا، جہاں اس نے اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان دوسرے دور کی بات چیت کے لیے نئے امن تجاویز پر تبادلہ خیال کیا۔ ایران کا قریبی اتحادی اور اس کے تیل کا سب سے بڑا درآمد کنندہ چین بھی امریکی ناکہ بندی سے پیدا ہونے والے توانائی بحران پر تشویش کا اظہار کر رہا ہے۔

اس ناکہ بندی کے باعث ایران کی بندرگاہوں سے تیل اور گیس لے جانے والے جہازوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔ آبنائے ہرمز ایران اور عمان کے درمیان واقع تقریباً 55 کلومیٹر چوڑا ایک انتہائی اہم سمندری راستہ ہے، جس کے ذریعے دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل کی تجارت ہوتی ہے۔ اس آبی گزرگاہ کو کھلا رکھنا امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم مطالبات میں شامل ہے، اس کے ساتھ ہی وہ ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔

چینی وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق وانگ یی نے عراقچی سے کہا، ’’موجودہ صورتحال تنازع اور امن کے درمیان ایک فیصلہ کن موڑ پر پہنچ گئی ہے اور امن کے لیے ایک موقع پیدا ہو رہا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے ساحلی ملک کے طور پر ایران کی خودمختاری، سلامتی اور جائز حقوق و مفادات کا احترام اور تحفظ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا، ’’اس کے ساتھ ہی اس آبی گزرگاہ سے بین الاقوامی جہاز رانی کی آزادی اور سلامتی کو یقینی بنایا جانا چاہیے اور وہاں معمول کی آمد و رفت بحال کرنے کی کوششیں عالمی برادری کا مشترکہ مطالبہ ہیں۔‘‘ ہانگ کانگ کے اخبار ‘ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ’ کے مطابق، عراقچی نے کہا کہ تہران کو امید ہے کہ چین امن قائم کرنے اور تنازع ختم کرنے میں فعال کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران پُرامن مذاکرات کے ذریعے ایک عملی اور معقول حل تلاش کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس سے قبل ہفتے کے آخر میں اسلام آباد میں امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور مستقل حل کے مقصد سے ہوا تھا، لیکن جوہری پروگرام اور آبنائے ہرمز جیسے پیچیدہ مسائل پر اختلافات برقرار رہنے کے باعث کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا، جس کے بعد امریکہ نے ناکہ بندی نافذ کر دی۔ چینی وزارت خارجہ نے منگل کو امریکی ناکہ بندی پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ’’خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ‘‘ قرار دیا اور کہا کہ اس سے کشیدگی بڑھنے اور نازک جنگ بندی کمزور ہونے کا خدشہ ہے۔