اسلام آباد: امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف کی قیادت میں ایرانی وفد کے ساتھ اہم امن مذاکرات کے لیے ہفتہ کے روز پاکستان پہنچ گئے۔ ان مذاکرات کا مقصد مغربی ایشیا میں جاری تنازع کو ختم کرنا ہے۔
وینس کے نور خان ایئر بیس پہنچنے پر پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف عاصم منیر نے ان کا استقبال کیا۔ وینس کے ہمراہ امریکہ کے صدر کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی موجود ہیں۔ پاکستان روانہ ہونے سے قبل وینس نے کہا تھا کہ وہ ان مذاکرات کے حوالے سے پرامید ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ یہ “مثبت” ثابت ہوں گے۔
وینس نے طیارے میں سوار ہونے سے پہلے کہا، “جیسا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ایرانی نیک نیتی کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں تو ہم یقیناً تعاون کا ہاتھ بڑھانے کے لیے تیار ہیں، لیکن اگر وہ ہمارے ساتھ ‘کھیل کھیلنے’ کی کوشش کریں گے تو انہیں معلوم ہو جائے گا کہ مذاکرات کرنے والی ٹیم اتنی بھی لچکدار نہیں ہے۔”
ایرانی وفد امریکہ کے ساتھ مذاکرات کے لیے ہفتہ کی علی الصبح پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد پہنچا۔ جنگ بندی کی امید کے ساتھ دنیا بھر کی نظریں ان مذاکرات پر مرکوز ہیں۔ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے بدھ کے روز دو ہفتوں کی جنگ بندی کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ اور ایران اسلام آباد میں مذاکرات کریں گے۔ انہوں نے ‘ایکس’ پر جاری اپنے بیان میں امریکہ اور ایران کے صدور کو بھی ٹیگ کیا تھا۔