کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنندکا آئندہ ہفتے دورہ ہند

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 08-10-2025
کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنندکا آئندہ ہفتے دورہ ہند
کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنندکا آئندہ ہفتے دورہ ہند

 



نئی دہلی: کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند آئندہ ہفتے ہندوستان کا دورہ کریں گی۔ رواں سال کے آغاز میں عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا ملک کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو بحال کرنے اور ازسرِ نو استوار کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔

دورے سے قبل، وزیرِ خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے 29 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر نیویارک میں انیتا آنند سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات کو جے شنکر نے “اچھی ملاقات” قرار دیتے ہوئے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کی بحالی کے لیے ہائی کمشنرز کی تقرری کو ایک مثبت قدم بتایا۔ انہوں نے کہا تھا کہ وہ “وزیرِ خارجہ آنند کا ہندوستان میں استقبال کرنے کے منتظر” ہیں۔

جے شنکر نے ایکس (سابق ٹوئٹر) پر لکھا: “آج صبح نیویارک میں کینیڈا کی وزیرِ خارجہ انیتا آنند سے اچھی ملاقات ہوئی۔ تعلقات کی بحالی کے سلسلے میں ہائی کمشنرز کی تقرری ایک خوش آئند قدم ہے۔ اس حوالے سے مزید اقدامات پر بات چیت ہوئی۔ وزیرِ خارجہ آنند کا ہندوستان میں خیرمقدم کرنے کا منتظر ہوں۔”

یہ دورہ جون میں جی 7 اجلاس کے دوران وزیرِ اعظم نریندر مودی اور ان کے کینیڈین ہم منصب مارک کارنی کے درمیان ملاقات کے بعد ہو رہا ہے، جو دو سال سے زیادہ عرصے تک جاری کشیدگی کے بعد تعلقات میں نرمی کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔ ہندوستان اور کینیڈا 2023 میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد تعلقات میں بہتری کے لیے کام کر رہے ہیں۔

تعلقات میں دراڑ اس وقت آئی جب اُس وقت کے کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے الزام لگایا کہ ہندوستان کا خالصتانی دہشت گرد ہرپریت سنگھ نِجّار کے قتل میں ہاتھ ہے۔ ہندوستان نے اس الزام کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے سیاسی طور پر محرک قرار دیا اور اوٹاوا پر خالصتانی انتہاپسندوں کو پناہ دینے کا الزام عائد کیا۔ اگست میں دونوں ممالک نے اپنے ہائی کمشنرز دوبارہ مقرر کیے۔

ہندوستان کے ہائی کمشنر دینیش پٹنائک نے اوٹاوا میں عہدہ سنبھالا جبکہ کینیڈا کے نئے ہائی کمشنر کرسٹوفر کوٹر نے دہلی میں ذمہ داری سنبھالی۔ گزشتہ ماہ کینیڈا کے نائب وزیرِ خارجہ ڈیوڈ مورسَن اور قومی سلامتی کی مشیر نیتھالی جی. دروئن نے دہلی کا دورہ کیا اور ہندوستانی حکام سے ملاقاتیں کیں۔ دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ٹریڈو کے دور میں معطل مکالموں کو دوبارہ شروع کیا جائے اور سفارتی عملے کی واپسی ممکن بنائی جائے۔

ہندوستان کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال نے بھی اپنی کینیڈین ہم منصب نیتھالی دروئن کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی۔ مذاکرات میں دونوں ملکوں کے درمیان استحکام کی بحالی اور اعتماد میں اضافہ پر توجہ مرکوز کی گئی۔ دوطرفہ تعلقات میں بحالی کی رفتار گزشتہ ماہ تیز ہوئی جب کرسٹوفر کوٹر کو کینیڈا کا نیا ہائی کمشنر برائے ہندوستان مقرر کیا گیا، یہ عہدہ اکتوبر 2023 سے خالی تھا۔ اسی کے ساتھ قومی سلامتی کے مشیروں کی سطح پر مذاکرات کا دوبارہ آغاز بھی ہوا۔