ٹورنٹو: ہندوستان کے مشہور کامیڈین کپل شرما کے کینیڈا میں حال ہی میں کھولے گئے ریسٹورنٹ "KAP'S CAFE" پر فائرنگ کی خبر نے تہلکہ مچا دیا ہے۔ یہ حملہ کینیڈا میں بدھ کی شب پیش آیا اور اس کی ذمہ داری ہندوستان کی قومی تحقیقاتی ایجنسی (NIA) کے مطلوب دہشت گرد ہرجیت سنگھ لڈّی نے قبول کی ہے۔ ہرجیت سنگھ لڈّی کا تعلق دہشت گرد تنظیم ببّر خالصہ انٹرنیشنل (BKI) سے ہے اور وہ ہندوستان میں کئی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نے کپل شرما کے ایک پرانے بیان سے ناراض ہو کر فائرنگ کروائی، تاہم اس بیان کی تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں آئی ہیں۔ وائرل ویڈیوز میں صاف سنا جا سکتا ہے کہ فائرنگ کی آوازیں آ رہی ہیں، اور ایک شخص کار میں بیٹھ کر ریسٹورنٹ کی کھڑکی پر کم از کم نو گولیاں چلاتا ہوا دکھائی دیتا ہے۔
ویڈیو اور ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ حملہ پوری منصوبہ بندی کے ساتھ کیا گیا تھا۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ تاہم، فائرنگ سے کینیڈا میں موجود ہندوستانی کمیونٹی اور خاص طور پر کپل شرما کے مداحوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
ممبئی پولیس اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے مطابق، جس عمارت میں کپل شرما کا ریسٹورنٹ واقع ہے، اور آس پاس کی عمارتیں جن پر فائرنگ ہوئی، ان کے اصل مالکان کوئی اور لوگ ہیں۔ اس سے قیاس کیا جا رہا ہے کہ ممکن ہے نشانہ کچھ اور ہو، یا یہ حملہ ایک علامتی پیغام کے طور پر کیا گیا ہو۔
ہرجیت سنگھ لڈّی ہندوستان کی NIA کا مطلوب ترین دہشت گرد ہے اور ببّر خالصہ انٹرنیشنل جیسے خطرناک تنظیم سے وابستہ ہے۔ اسے ہندوستان میں متعدد دھماکوں اور علیحدگی پسند سرگرمیوں کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے۔ ہندوستان نے اس کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس بھی جاری کیا ہے۔ KAP'S CAFE کپل شرما کا پہلا بین الاقوامی فوڈ پروجیکٹ ہے، جس کا حال ہی میں شاندار افتتاح کیا گیا تھا۔
افتتاح کے پہلے دن ہی کیفے کے باہر لمبی قطاریں دیکھی گئیں، جو ان کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ تاہم، اس دہشت گرد حملے نے ان کے خوابوں کے اس منصوبے پر سیاہ سائے ڈال دیے ہیں۔ فی الحال کینیڈین پولیس اور تحقیقاتی ادارے اس واردات کی مکمل تفتیش کر رہے ہیں۔ ہندوستانی حکومت بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور ممکنہ بین الاقوامی کارروائی پر غور کیا جا رہا ہے۔