واشنگٹن: افریقی ممالک برکینا فاسو اور مالی نے امریکہ کو سخت جواب دیتے ہوئے امریکی شہریوں کے اپنے ممالک میں داخلے پر پابندی لگانے کا اعلان کیا ہے۔ دونوں ممالک نے یہ فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے 39 ممالک کے شہریوں پر عائد کیے گئے یکساں سفری پابندیوں کے احتجاج میں کیا ہے۔
اس اقدام کے بعد عالمی سطح پر سفر اور سفارتی تعلقات سے متعلق نئی بحث شروع ہو گئی ہے۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے حال ہی میں 39 ممالک کے شہریوں پر سفری پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فہرست میں افریقہ اور دیگر خطوں کے کئی ممالک شامل ہیں، جن کے شہریوں کے امریکہ میں داخلے پر سخت پابندیاں لگائی گئی ہیں۔
برکینا فاسو اور مالی نے کہا ہے کہ یہ اقدام مساوات کے اصول کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ اب امریکی شہریوں کو بھی انہی قواعد و ضوابط کا سامنا کرنا پڑے گا، جن کا سامنا ان کے شہریوں کو امریکہ کا سفر کرتے وقت کرنا پڑتا ہے۔ قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی سفری پابندیوں کی فہرست میں وہ ممالک بھی شامل ہیں جو فیفا ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ چونکہ یہ ٹورنامنٹ امریکہ اور کینیڈا میں منعقد ہونا ہے، اس لیے اس فیصلے کے اثرات کھیلوں اور سفری انتظامات پر بھی سوالات کھڑے کر رہے ہیں۔
برکینا فاسو اور مالی کی حکومتوں نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی بھی ملک کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں چاہتیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ان کے شہریوں پر پابندیاں لگائی جا سکتی ہیں تو امریکی شہریوں کے لیے بھی وہی اصول لاگو ہوں گے۔
امریکہ کا کہنا تھا کہ برکینا فاسو میں دہشت گرد سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ بعض افراد ویزا کی مقررہ مدت سے زیادہ عرصے تک امریکہ میں قیام کرتے ہیں اور بعض معاملات میں اپنے شہریوں کو واپس لینے میں بھی مشکلات پیش آتی ہیں۔