ابوظہبی: برج خلیفہ تیار کرنے والی کمپنی ایمار پراپرٹیز کے بانی اور منیجنگ ڈائریکٹر محمد العبار نے کہا ہے کہ انہیں ہندوستانیوں کو ملازمت دینا پسند ہے کیونکہ وہ محنتی ہوتے ہیں اور کام کے معاملے میں مضبوط اخلاق رکھتے ہیں۔وہ ابوظہبی میں منعقد "میک اٹ ان دی ایمریٹس سمٹ" سے خطاب کر رہے تھے جہاں بڑی تعداد میں ہندوستانی برادری بھی موجود ہے۔
متحدہ عرب امارات کے میڈیا کے مطابق محمد العبار نے کہا کہ جو کمپنیاں مسلسل تبدیلیوں اور بحرانوں کے درمیان ترقی کرنا چاہتی ہیں انہیں ایسی ٹیموں کی ضرورت ہوتی ہے جو مسلسل متحرک رہیں اپنے کام کا جائزہ لیں اور بدلتے حالات میں خطرات کو سمجھ کر فیصلے کریں۔انہوں نے کہا"میں ہمیشہ لوگوں سے کہتا ہوں کہ میری ذہانت شاید اوسط درجے کی ہو لیکن میری محنت سب سے بہتر ہے۔ میں سخت محنت پر یقین رکھتا ہوں۔"
انہوں نے کہا کہ محنت کا مطلب صرف زیادہ وقت تک کام کرنا نہیں بلکہ ہر موقع کا گہرائی سے مطالعہ کرنا خطرہ مول لینے کا صحیح وقت پہچاننا مناسب لوگوں کو ٹیم میں شامل کرنا اور کام کی نگرانی کرتے رہنا بھی ضروری ہے۔محمد العبار نے کہا "آپ کو اپنے کام کا جائزہ لینا چاہیے۔ ہر موقع کو سمجھنا چاہیے۔ یہ جاننا چاہیے کہ کہاں خطرہ لینا ہے۔ لوگوں کو ساتھ لانا ہے ان کے کام پر نظر رکھنی ہے اور مسلسل آگے بڑھتے رہنا ہے۔"
بعد میں انہوں نے ہندوستانی ملازمین کے بارے میں اپنی پسند کا ذکر کرتے ہوئے کہا "جتنی زیادہ محنت کریں گے اتنی ہی زیادہ قسمت آپ کا ساتھ دے گی۔ ایک کہاوت ہے کہ جب باصلاحیت لوگ محنت نہیں کرتے تو محنت صلاحیت کو بھی پیچھے چھوڑ دیتی ہے۔ اسی لیے مجھے ہندوستانیوں کو ملازمت دینا پسند ہے کیونکہ وہ رات 1 بجے بھی فون اٹھا لیتے ہیں۔"
متحدہ عرب امارات میں 4.3 سے 4.39 ملین کے درمیان ہندوستانی تارکین وطن رہتے ہیں جو وہاں کی سب سے بڑی غیر ملکی برادری مانی جاتی ہے۔ امارات کی کل آبادی میں ہندوستانیوں کا حصہ تقریباً 35 سے 38 فیصد بتایا جاتا ہے۔
#WATCH | Delhi: UAE Ambassador to India, Abdulnasser Jamal Alshaali says, "... The four million Indians in the UAE are not guests. They are part of the fabric of this country. Their protection is treated with the same seriousness as the protection of the UAE nationals. The UAE… pic.twitter.com/N171dMvJAS
— ANI (@ANI) April 17, 2026
ہندوستانی کارکن دبئی اور ابوظہبی میں بڑی تعداد میں موجود ہیں اور تعمیرات ریٹیل صحت اور مالیاتی شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔زیادہ تر ہندوستانی تارکین وطن کا تعلق کیرالہ تمل ناڈو آندھرا پردیش تلنگانہ اتر پردیش بہار اور پنجاب سے ہے۔متحدہ عرب امارات کے بڑے کاروباری ناموں میں بھی کئی ہندوستانی شامل ہیں جن میں ونود اڈانی ایم اے یوسف علی رینوکا جگتیانی جوئے الکاس روی پلئی سنی ورکے پی این سی مینن اور کبیر ملچندانی شامل ہیں۔
حال ہی میں ایران اور امریکہ اسرائیل کشیدگی کے دوران ہندوستانی تارکین وطن بچوں نے متحدہ عرب امارات کا قومی ترانہ ہندوستانی موسیقی کے آلات پر پیش کر کے جذباتی منظر پیدا کر دیا تھا۔ اس وقت ایران کی جانب سے امارات میں امریکی اڈوں اور دیگر مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کو کافی پسند کیا گیا۔