بلغاریہ میں سیاحوں کی بس میں آگ لگ گئی، 45 ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 23-11-2021
بلغاریہ میں سیاحوں کی بس میں آگ لگ گئی، 45 ہلاک
بلغاریہ میں سیاحوں کی بس میں آگ لگ گئی، 45 ہلاک

 


استنبول: ترک شہر استنبول سے واپس آنے والی سیاحوں کی بس میں آگ لگنے سے 45 افراد ہلاک ہو گئے۔ سیاحوں کی بس شمالی مقدونیہ براستہ صوفیہ جا رہی تھی کہ اُس میں آگ لگ گئی۔

مغربی بلغاریہ میں جس مسافر بس میں آگ لگی، وہ تاریخی ترک شہر استنبول سے ویک اینڈ پر سیاحوں کو واپس لا رہی تھی۔ بس میں آگ منگل کی علی الصبح لگی۔

ہلاک ہونے والوں میں بارہ بچے بھی شامل ہیں۔

بلغاریہ کے حکام منگل تیئیس نومبر کی سہ پہر تک بس میں آگ لگنے کے اصل محرکات کا تعین نہیں کر پائے تھے۔

مقامی حکام نے خیال ظاہر کیا ہے کہ ایسا بس میں آگ اُس وقت لگی جب وہ سڑک پر کھڑی ایک رکاوٹ سے ٹکرائی تھی۔

اسپین میں غیر ملکی طلبہ کی بس کو حادثہ، 14 ہلاک جلتی بس سے چھلانگ لگا کر زندہ بچ جانے والے سات افراد کو بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ کے ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

حادثہ صوفیہ سے تیس کلومیٹر کی مسافت پر پیش آیا۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس استنبول سے آٹھ سو کلومیٹر کا فاصلہ طے کر کے واپس شمالی مقدونیہ کے دارالحکومت اسکوپیے جا رہی تھی۔

بلغاریہ کی وزارتِ داخلہ نے اپنے ملک میں بس میں آگ لگنے اور ہلاکتوں کو سب سے بڑا حادثہ قرار دیا ہے۔ اس بس میں اسکوپیے کے اسماعیل کیمالی ایلیمنٹری اسکول کے بچے اپنے والدین کے ساتھ سوار تھے۔

شمالی مقدونیہ کے نائب وزیر اعظم زوران زائیف نے بس حادثے میں پینتالیس افراد کی ہلاکت کو ایک بڑا سانحہ قرار دیا ہے۔ وہ بھی حادثے کے مقام پر پہنچ گئے تھے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہلاک ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کی۔

البانیہ کے وزیر خارجہ اولتا ہاؤکا نے بھی شمالی مقدونیہ میں ایک بس میں آگ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔

بلغاریہ کے عبوری نائب وزیر داخلہ بوئکو رشکوف کا کہنا ہے کہ بس کے اندر موجود تمام افراد کی نعشیں جل کر خاکستر ہو گئی تھیں۔

انہوں نے حادثے کے مقام کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ بس کے مناظر انتہائی خوفناک تھے۔ رشکوف کے مطابق انہوں نے اپنی زندگی میں اتنا خوفناک منظر نہیں دیکھا ہے۔