برطانیہ20 ہزار افغانیوں کو پناہ دے گا

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-08-2021
Britain Will Give Shelter To 20,000 Afghan Refugees
Britain Will Give Shelter To 20,000 Afghan Refugees

 


آواز دی وائس، نئی دہلی

برطانوی وزیر خارجہ پریتی پٹیل کا کہنا ہے کہ برطانیہ بنیادی طور پر ان خواتین اور لڑکیوں کو تحفظ فراہم کرے گا جنہیں طالبان کے دور میں غیر محفوظ مستقبل کا سامنا ہے۔

  وزیر داخلہ پریتی پٹیل نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ برطانیہ افغانستان سے راہ فرار اختیار کرنے والے 20 ہزار افغان شہریوں کو پناہ دے گا۔

پٹیل نے  اپنے ایک مضمون میں لکھا کہ ’’ہمارا نیا افغان شہری آباد کاری منصوبہ 20 ہزار لوگوں کے خیرمقدم کرنے کا ہے جو افغانستان سے بھاگنے پر مجبور ہوئے ہیں۔

ان میں سے پہلے 5000 اگلے سال آئیں گے ۔

 پٹیل نے کہا کہ برطانیہ بنیادی طور پر ان خواتین اور لڑکیوں کو تحفظ فراہم کرے گا جنہیں طالبان کے دور میں غیر محفوظ مستقبل کا سامنا ہے۔

اس کے علاوہ افغان ترجمانوں، اساتذہ اور کمیونٹی ورکرز کو بھی سیکورٹی فراہم کی جائے گی جنہوں نے مشن کے ساتھ کام کیا ہے۔ برطانوی وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں برطانوی مسلح افواج کی مدد کرنے والے تقریبا 2،000 ہزار افغان شہری جون کے آخر سے برطانیہ میں آباد ہیں۔

انہوں نے دیگر یوروپی ممالک سے افغان مہاجرین کی آبادکاری کے پروگراموں میں شامل ہونے کا مطالبہ کیا۔

ایک برطانوی افسر نے کہا کہ ’’برطانیہ دوسرے ممالک کی مدد اور حوصلہ افزائی کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔ ہم صرف مثال کے ذریعے رہنمائی نہیں کرنا چاہتے ، ہم یہ تنہا نہیں کر سکتے‘‘۔

خیال رہے کہ طالبان نے 15 اگست کو افغانستان پر مکمل کنٹرول حاصل کر لیا۔

افغان صدر اشرف غنی نے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے ملک چھوڑ دیا۔ 

 غنی نے کہا کہ انہوں نے تشدد روکنے کا فیصلہ اس لیے کیا کیونکہ عسکریت پسند دارالحکومت کابل پر حملہ کرنے کے لیے تیار تھے۔

طالبان کے اقتدار سنبھالنے کے بعد بہت سے لوگ دہشت گردوں کی جانب سے جوابی کارروائی کے خوف سے ملک سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔