لندن: ہفتہ 13 ستمبر کو برطانیہ میں شدت پسند رہنما ٹامی رابنسن کی قیادت میں ہونے والے ’یونائٹ دی کنگڈم‘ مارچ میں ایک لاکھ سے زیادہ افراد شریک ہوئے۔ تاہم، ریلی کے دوران اس وقت پرتشدد جھڑپیں شروع ہو گئیں جب رابنسن کے حامیوں کا ایک گروہ پولیس اور مخالف مظاہرین (کاؤنٹر پروٹیسٹرز) سے بھِڑ گیا۔
مشتعل افراد نے پولیس پر بوتلیں پھینکیں، گھونسے مارے اور لاتیں چلائیں۔ حالات بگڑنے پر فسادیوں کو قابو میں کرنے کے لیے انسدادِ فسادات فورس (رائٹ کنٹرول پولیس) تعینات کرنا پڑی۔ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق جھڑپوں میں 26 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جن میں سے چار کی حالت تشویشناک ہے۔
ایک اہلکار کی ناک ٹوٹ گئی، دوسرے کے دانت، جبکہ ایک کو ریڑھ کی ہڈی میں چوٹ آئی۔ اس پرتشدد کارروائی میں اب تک 25 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ میٹروپولیٹن پولیس کے اسسٹنٹ کمشنر میٹ ٹوئسٹ نے کہا: اگرچہ بہت سے لوگ پُرامن مظاہرے کے لیے آئے تھے، لیکن ایک بڑی تعداد ایسے افراد کی بھی تھی جو صرف بدامنی پھیلانے کے ارادے سے آئے تھے۔
انہوں نے پولیس پر حملہ کیا اور سیکیورٹی لائن کو توڑنے کی کوشش کی۔ مارچ میں ایک لاکھ 10 ہزار سے لے کر ایک لاکھ 50 ہزار تک افراد شریک ہوئے۔ اس کے جواب میں ’مارچ اگینسٹ فاشزم‘ کے نام سے ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی جس میں تقریباً 5,000 افراد نے شرکت کی۔ اس مظاہرے میں "پناہ گزین خوش آمدید ہیں" اور "فار رائٹ کا خاتمہ کرو" جیسے نعرے لگائے گئے۔
فرانس کے انتہائی دائیں بازو کے رہنما ایرک زیمور نے کہا کہ "یورپ پر مسلم ممالک کی جانب سے نوآبادیاتی قبضہ ہو رہا ہے"۔ وہیں ایلن مسک نے ویڈیو پیغام میں برطانیہ کی بائیں بازو کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ "غیر منظم ہجرت برطانیہ کو تباہ کر رہی ہے۔" مارچ میں امریکی دائیں بازو کے کارکن چارلی کرک کو بھی یاد کیا گیا۔
ان کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی اور بیگ پائپر نے “Amazing Grace” کی دُھن بجائی۔ ٹامی رابنسن (اصل نام سٹیفن یاکسلے-لینن) انگلش ڈیفنس لیگ کے بانی ہیں اور برطانیہ کے انتہائی دائیں بازو کے معروف چہروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
ان کے حامیوں نے "Stop the Boats", "Send Them Home" اور "We Want Our Country Back" جیسے نعرے لگائے۔ نیپال اور فرانس میں سیاسی ہلچل نیپال اور فرانس میں حالیہ دنوں میں بڑی سیاسی اور سماجی ہلچل دیکھی گئی۔
نیپال میں نوجوان مظاہرین نے بے روزگاری، کرپشن، اور بادشاہت کی بحالی کے مطالبے پر سڑکوں پر احتجاج کیا، جبکہ فرانس میں متنازع قوانین اور معاشی پالیسیوں کے خلاف مظاہرے اور سڑکوں پر جھڑپیں ہوئیں۔ دونوں ممالک میں مظاہرے ابتدا میں پُرامن تھے لیکن بعد میں پرتشدد ہو گئے، جن میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں، سرکاری و نجی املاک کا نقصان اور متعدد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔