برازیل: پولیس کی کارروائی میں 119 لوگوں کی موت کے بعد احتجاج

Story by  PTI | Posted by  Aamnah Farooque | Date 30-10-2025
برازیل: پولیس کی کارروائی میں 119 لوگوں کی موت کے بعد احتجاج
برازیل: پولیس کی کارروائی میں 119 لوگوں کی موت کے بعد احتجاج

 



ریو ڈی جنیرو/ آواز دی وائس
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں کم آمدنی والے علاقے میں منشیات کے گروہ کے خلاف پولیس کی کارروائی کے دوران کم از کم 119 افراد ہلاک ہو گئے، جس کے بعد بدھ کو شدید احتجاج ہوا اور گورنر سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا گیا۔ پولیس کی اس کارروائی کو شہر کی تاریخ کی سب سے مہلک کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔ مقامی لوگوں نے سڑکوں پر لاشیں رکھ کر مظاہرہ کیا اور پولیس پر الزام لگایا کہ وہ ایک مخصوص طبقے کے لوگوں کو نشانہ بنا رہی ہے۔
بڑی تعداد میں مظاہرین سرکاری عمارت کے سامنے جمع ہوئے، انہوں نے نعرے لگائے اور سرخ رنگ سے رنگے ہوئے برازیلی جھنڈے لہرائے۔برازیل کی سپریم کورٹ، استغاثہ اور ارکانِ پارلیمان نے گورنر کاسٹرو سے مطالبہ کیا کہ وہ اس کارروائی کی تفصیلی معلومات فراہم کریں۔
ہلاک ہونے والوں کی تعداد حکام کی پہلے دی گئی معلومات سے کہیں زیادہ ہے۔ ابتدائی طور پر حکام نے کہا تھا کہ 60 افراد مارے گئے ہیں۔ یہ چھاپہ تقریباً 2,500 پولیس اہلکاروں اور فوجیوں نے پینہا اور کومپلیکسو دی الیماؤ علاقوں میں مشترکہ طور پر مارا تھا۔
پینہا کی مقامی رہائشی 50 سالہ ایلیسانجیلا سلوا سانتوس نے کہا کہ وہ انہیں گرفتار کر کے جیل لے جا سکتے تھے، انہیں اس طرح کیوں مار رہے ہیں؟ ان میں سے بہت سے زندہ تھے اور مدد کے لیے پکار رہے تھے۔ ہاں، وہ اسمگلر ہیں، لیکن وہ انسان بھی ہیں۔
پولیس اور فوج نے ہیلی کاپٹروں، بکتر بند گاڑیوں اور پیدل دستوں کے ذریعے یہ آپریشن شروع کیا، جس کا ہدف "ریڈ کمانڈ" نامی منشیات گروہ تھا۔