’رقم کے عوض بلیو بیج‘، ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس کا دوبارہ آغاز

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 11-12-2022
’رقم کے عوض بلیو بیج‘، ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس کا دوبارہ آغاز
’رقم کے عوض بلیو بیج‘، ٹوئٹر کی سبسکرپشن سروس کا دوبارہ آغاز

 

 

نیویارک: لیجئے اونٹ کی کروٹ بیٹھیں گیا یا ٹویٹر پر  بلیو بیچ کا مسئلہ بڑی حد تک حل ہوگیا - کیا کیا جائے اور کیا نہ کیا جائے, اس الجھن کو اب ٹوئٹر نے بڑی حد دور کر لیا ہے- کئی ناکام کوششوں کے بعد ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی سبسکرپشن سروس اگلے ہفتے سے دوبارہ شروع کر رہی ہے جس میں پلیٹ فارم پر موجود اکاؤنٹس کی تصدیق کا نظام متعارف کرانا بھی شامل ہے۔

ٹوئٹر نے اعلان کیا کہ ’ہم پیر کے دن سے ٹوئٹر بلیو کی سبسکرپشن دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔ اس کے تحت ویب کے لیے ماہانہ آٹھ ڈالر جبکہ آئی فون کے لیے ماہانہ 11 ڈالر بلیو مارک سمیت سبسکرائبر فیچرز شامل ہوں گے۔‘ ٹوئٹر پر ’بلیو چیک مارک‘ قبل ازیں مفت تھا جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹ مصدقہ اور کسی کمپنی یا پبلک فگر کا ہے تاکہ غلط معلومات اور جعلی شناخت سے بچا جا سکے۔

اکتوبر میں ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ارب پتی ایلون مسک نے کمپنی کے ریونیو ذرائع کو اشتہارات کے علاوہ بھی پھیلانے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت پریمیئم فیچرز کے لیے صارفین کو ادائیگی کرنا ہوگی۔ رقم کے عوض بلیو بیج حاصل کرنے کا پہلا مرحلہ نومبر کے اوائل میں اس وقت شروع کیا گیا جب ایلون مسک کو ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالے ابھی 10 دن ہوئے تھے۔ کئی جعلی اکاؤنٹس کی رقم دے کر تصدیق اور متعدد کمپنیوں کے غلط شناخت کے ذریعے بلیو بیج حاصل کرنے پر اٹھنے والے شور کے بعد ٹوئٹر نے اس ورژن کو فوری طور پر معطل کر دیا تھا۔

کمپنی کے مطابق نئی آفر کے تحت ایسے تمام اکاؤنٹس جو ادائیگی کر کے ’بلیو چیک مارک‘ حاصل کرنے کے خواہشمند ہوں گے اُن کا تجزیہ کیا جائے گا۔

گزشتہ ماہ ایلون مسک نے اعلان کیا تھا کہ ٹوئٹر اکاؤنٹس کے درمیان فرق واضح کرنے کے لیے مختلف رنگوں کے بیجز لانچ کرے گا۔ ایلون مسک نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ’کمپنیوں کے لیے سنہرا، سرکاری اداروں اور افراد کے لیے گرے، کسی بھی سلیبریٹی یا عام شخص کے لیے نیلا رنگ مختص ہوگا۔‘

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ تمام تصدیق شدہ انفرادی اکاؤنٹس کے لیے ایک ہی بلیو ٹک ہوگا تاہم کچھ (اکاؤنٹس) کے آخر میں ایک چھوٹا لوگو دِکھائی دے گا جس میں سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی تنظیم سے تعلق رکھتے ہیں اگر اس تنظیم کے ذریعے تصدیق کی گئی ہو۔

ایلون مسک کی جانب سے صارفین کے لیے ’تصدیق شدہ‘ ہونے کے لیے ادائیگی کرنے کی تجویز پر گذشتہ ماہ سے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔