ایکواڈورمیں جیل میں خونی تصادم ، 75 ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 25-02-2021
جیلوں میں ہونیوالے تشدد میں مجموعی طور پر 75 قیدی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ہیں
جیلوں میں ہونیوالے تشدد میں مجموعی طور پر 75 قیدی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ہیں

 

 

واشنگٹن : امریکا کا ملک ایکواڈورکبھی سرد جنگ کے دوران امریکا اور روس کی کشمکش کا محور ہوا کرتا تھا- سرد جنگ کے خاتمے کے بعد ملک میں امن تو لوٹ آیا لیکن کبھی کبھی تشدد دوسری شکلوں میں بھی سر اٹھاتا ہے- حالیہ تشدد کی خبر جیل سے آئی ہے- ملک کی متعدد جیلوں میں ہونیوالے تشدد میں مجموعی طور پر 75 قیدی ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق سیکورٹی فورسز جیلوں کا دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے لیے مزاحم ہیں جب کہ قیدیوں کے پریشانی میں مبتلا اہل خانہ مغربی بندرگاہی شہر گویا کویل میں جیل کے باہر معلومات کے منتظر تھے- اس جیل میں 21 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ اس کے علاوہ جیل انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ کوئنکا جیل میں 33 اور وسط میں واقع لاتاکنگا جیل میں 8 افراد ہلاک ہوئے۔

مقامی میڈیا کے مطابق مختلف گروہوں کے درمیان جھگڑے سے پیدا ہونے والے فساد میں قیدیوں کو فائرنگ اور چاقوؤں کے حملوں سے ہلاک کیا گیا۔ اس دوران 800 سے زائد پولیس اہل کاروں نے کارروائی میں حصہ لیا۔ طبی ذرائع کے مطابق درجنوں زخمیوں میں کئی پولیس اہل کار بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ افراد کے درمیان قیادت کے معاملے پر ہنگامہ ہوا جب کہ جیلوں میں تلاشی لینے اور ہتھیار برآمد کرنے کے بعد فسادات کا خاتمہ ممکن ہوا۔ انتظامیہ نے صورت حال سے نمٹنے کے لیے فوج کو بھی طلب کیا تھا۔