دبئی میں دو گروہوں میں خونی تصادم، 3 افراد کی موت

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 29-04-2021
خونی تصادم میں 3 افراد کی ہلاکت کے بعد دبئی پولیس حرکت میں آئی
خونی تصادم میں 3 افراد کی ہلاکت کے بعد دبئی پولیس حرکت میں آئی

 

 

 دبئی

دو گروہوں کے درمیان ہونے والے خونی تصادم میں 3 افراد کی ہلاکت کے بعد دبئی پولیس حرکت میں آئی اور اس نے اس سلسلے میں متعدد افراد گرفتار کئے ہیں ۔ پولیس کے مطابق چھریوں اور بلوں سے لیس 13 افراد کی یہ لڑائی کی وجہ ہے 5 ہزار درہم کا تنازعہ ۔ بعد میں دیگر لوگ بھی اس میں شامل ہو گئے جس کے نتیجے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور متعدد شدید زخمی ہو گئے۔

پولیس نے ابھی تک مشتبہ افراد کی شناخت نہیں کی تاہم ان کا کہنا ہے کہ یہ ایشیائی باشندے تھے البتہ یہ نہیں بتایا گیا کہ یہ لڑائی کس لیے ہوئی۔ عرب میڈیا کے مطابق ملزمان جائے واردات سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے لیکن پولیس نے انہیں 24 گھنٹے کے اندر ہی گرفتار کر لیا ۔

دبئی پولیس کے محکمہ کرمنل انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر برگیڈیئر جمال سلیم الجلاف نے کہا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کو ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس میں نیف کے علاقے میں جھگڑے کی اطلاع دی گئی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری گشت پر مامور ٹیم عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی جہاں ہمیں 3 لاشیں ملیں اور دیگر 3 افراد شدید زخمی تھے۔ کرمنل ریسرچ امور کے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل کرنل عادل الجوکر نے کہا کہ ملزمان کی شناخت کر کے انہیں 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کر لیا گیا اور زخمیوں سمیت تمام افراد کے خلاف قانون کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دبئی پولیس جرائم کے اعدادوشمار بہت کم فراہم کرتی ہے البتہ اس سے قبل ان علاقوں میں واقعات کی تصدیق کی تھی جہاں کم آمدن والے ایشیائی یا افریقی باشندے رہائش پذیر ہیں جو اپنے اہلخانہ کا پیٹ پالنے کے لیے گھر سے دور انتہائی مشکل میں زندگی بسر کررہے ہیں۔