بنگلہ دیش: بھینسے“ڈونلڈ ٹرمپ” کو قربانی میں ذبح ہونے سے بچالیا گیا

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 29-05-2026
سنہرے بالوں والے بنگلہ دیشی بھینسے “ڈونلڈ ٹرمپ” کو عید قربانی میں ذبح ہونے سے بچالیا گیا
سنہرے بالوں والے بنگلہ دیشی بھینسے “ڈونلڈ ٹرمپ” کو عید قربانی میں ذبح ہونے سے بچالیا گیا

 



ڈھاکہ:بنگلہ دیش میں ایک نایاب سفید بھینسے کو جسے اس کے سنہرے بالوں کی وجہ سے “ڈونلڈ ٹرمپ” کا لقب دیا گیا تھا عید الاضحیٰ میں قربانی سے آخری وقت میں بچا لیا گیا۔ وزارت داخلہ کے ایک افسر کے مطابق حکومت نے عوامی دلچسپی اور سکیورٹی خدشات کے سبب مداخلت کی۔

تقریباً 700 کلو وزنی اس بھینسے کو قربانی کے لیے فروخت کیا جا چکا تھا لیکن عید سے قبل اس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد حکام نے کارروائی کی۔

وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے حکم دیا کہ بھینسے کو قربانی سے بچایا جائے۔ خریدار کو رقم واپس کی جائے اور جانور کو ڈھاکہ کے قومی چڑیا گھر منتقل کر دیا جائے۔ وزارت داخلہ کے ایک افسر نے کہا کہ آخری وقت میں عوامی دلچسپی اور سکیورٹی خدشات کے پیش نظر قربانی روکنے کا فیصلہ لیا گیا۔

یہ معاملہ ایک عام عیدی خریداری سے شروع ہوا تھا لیکن ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد پورے ملک میں تجسس پیدا ہوگیا۔ لوگ دور دور سے اس بھینسے کو دیکھنے کے لیے فارم پہنچنے لگے۔ اس کے سنہرے بال اور پرسکون مزاج لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

فارم کے مالک ضیاء الدین مردھا نے بتایا کہ ان کے چھوٹے بھائی نے امریکی صدر ٹرمپ  سے مشابہت کی وجہ سے اسے “ٹرمپ” کا نام دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بھینسا غیر معمولی طور پر نرم مزاج تھا اور اس کی دیکھ بھال میں خاص توجہ دینی پڑتی تھی۔ اسے بار بار کھانا کھلانا اور باقاعدگی سے نہلانا ضروری تھا۔

بنگلہ دیش میں سفید یا البینو بھینسے بہت کم پائے جاتے ہیں کیونکہ وہاں زیادہ تر مویشی گہرے رنگ کے ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ عید کے مویشی بازار میں یہ بھینسا سب سے الگ نظر آیا۔ تاہم غالباً اس کا منفرد نام ہی اس کی جان بچانے کا سبب بن گیا۔