بیت المقدس: فائرنگ میں آٹھ اسرائیلی شہری زخمی

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 14-08-2022
بیت المقدس:  فائرنگ میں آٹھ اسرائیلی شہری زخمی
بیت المقدس: فائرنگ میں آٹھ اسرائیلی شہری زخمی

 

 

یروشلم : اتوار کی صبح ایک مسلح شخص نے بیت المقدس کے قریب بس پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں آٹھ اسرائیلی شہری زخمی ہو گئے۔

شبہ ظاہر کیا گیا یہ حملے غزہ میں اسرائیل اور عسکریت پسندوں کے درمیان تشدد کے ایک ہفتے بعد فلسطینی شہری نے کیا۔ زخمیوں کا علاج کرنے والے اسرائیلی اسپتال کا کہنا ہے کہ حملے میں زخمی ہونے والے دو افراد کی حالت نازک ہے۔

فائرنگ کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس یہودیوں کے مقدس مقام دیوار گریہ کے قریب پارکنگ ایریا میں کھڑی تھی۔

اسرائیل کی ایمرجنسی میڈیکل سروسز میگان ڈیوڈ ایڈوم (ایم ڈی اے) نے واقعے کو دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا ہے۔ایم ڈی اے کے اہلکاروں نے بتایا کہ ہم واقعے کی اطلاع ملنے پر فوراً پہنچے تو مسافر بس کو سڑک کے درمیان کھڑے دیکھا، شدید زخمی دونوں افراد کی عمریں 30 سال کے لگ بھگ ہیں۔

بس کے ڈرائیور ڈینیئل کینویسکے نے صحافیوں کو بتایا کہ واقعہ کیگ ڈیوڈ کے مقبرے کے قریب پیش آیا۔ ڈرائیور کا کہنا تھا کہ ’میں مغربی دیوار کے علاقے سے آ رہا تھا، بس مسافروں سے بھری ہوئی تھی، جیسے ہی میں نے ٹامب آف ڈیوڈ کے سٹیشن پر گاڑی روکی تو یکدم فائرنگ شروع ہو گئی۔‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’فائرنگ کے ساتھ ہی میں نے دو افراد کو بس سے باہر گرتے دیکھا جبکہ دو بس کے اندر ہی خون میں لت پت ہوئے جس سے افراتفری پھیل گئی۔‘ مارچ کے مہینے سے اب تک اسرائیل میں 19 افراد کو قتل کیا جا چکا ہے جن پرزیادہ تر حملے فلسطینیوں کی جانب سے کیے گئے۔ اسی عرصے میں تین اسرائیلی عرب حملہ آور بھی مارے گئے۔

اسرائیلی پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی تحقیقات شروع کرنے کے لیے فورسز کو موقعے پر بھیج دیا گیا ہے۔ حملے کے ملزم کو تلاش کرنے کے لیے اسرائیلی سکیورٹی فورسز قریبی فلسطینی علاقے سلوان میں داخل ہو گئی ہیں۔

بیت المقدس میں حملہ غزہ اور مغربی کنارے میں اسرائیل اور فلسطین کے درمیان ایک ہفتہ برقرار رہنے والی کشیدگی کے بعد کیا گیا۔ گذشتہ ہفتے اسرائیلی طیاروں نے غزہ کی پٹی میں حملے کیے جن میں اسلامی جہاد کے جنگجوؤں کو ہدف بنایا گیا۔ ان حملوں کے بعد سرحد کے آر پار تین دن تک شدید لڑائی جاری رہی۔

اسرائیلی حملوں میں 49 فلسطینی شہریوں کی جان گئی جن میں 17 بچے اور 14 عسکریت پسند شامل ہیں۔ لڑائی میں متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔ مصر کی ثالثی میں فریقین کے درمیان جاری لڑائی بند ہو گئی۔ لڑائی میں کوئی اسرائیلی شہری جان سے نہیں گیا اور نہ شدید زخمی ہوا۔ اسلامی عسکریت پسند گروپ حماس نے جو غزہ کو کنٹرول کرتا ہے، لڑائی میں حصہ نہیں لیا