ڈھاکہ: بھارت میں بنگلہ دیش کے سفارت خانوں کی سکیورٹی سے متعلق خدشات کے پیش نظر بنگلہ دیش میں بھارتی ہائی کمشنر پرنئے ورما کو منگل کے روز وزارتِ خارجہ میں طلب کیا گیا۔ ’پرتھوم آلو ڈاٹ کام‘ کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش کے خارجہ سیکریٹری اسد عالم صیام نے بھارتی ہائی کمشنر کو طلب کیا۔ سفارتی ذرائع نے اس کی تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق، نئی دہلی اور کولکاتا سمیت بھارت کے مختلف حصوں میں واقع بنگلہ دیشی سفارت خانوں کے اطراف پیدا ہونے والی سکیورٹی صورتِ حال کے باعث ورما کو طلب کیا گیا تھا۔ سفارتی ذرائع نے بتایا کہ ورما سے بھارت میں موجود بنگلہ دیشی سفارت خانوں کی سکیورٹی مزید مضبوط کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ گزشتہ دس دنوں میں یہ دوسرا موقع ہے جب ورما کو وزارتِ خارجہ طلب کیا گیا ہے۔
عبوری حکومت کے دورِ اقتدار میں مختلف واقعات کے سلسلے میں بھارتی ہائی کمشنر کو کم از کم چھ مرتبہ طلب کیا جا چکا ہے۔ اس سے قبل بھی 14 دسمبر کو ورما کو وزارتِ خارجہ طلب کیا گیا تھا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس ملاقات کے بعد وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ انقلابی منچ کے کنوینر شریف عثمان ہادی پر حملہ کرنے والے افراد کو بھارت جانے سے روکنے کے لیے بھارت سے تعاون کی درخواست کی گئی تھی۔