ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے بین الاقوامی جرائم ٹریبونل نے معزول وزیرِاعظم شیخ حسینہ کے خلاف انسانیت کے خلاف جرائم کے ایک سنگین مقدمے میں جمعرات کے روز ان کی غیر موجودگی میں فردِ جرم عائد کر دی۔ ٹریبونل نے اس مقدمے کی باقاعدہ سماعت کی تاریخ 3 اگست مقرر کی ہے۔
جسٹس غلام مرتضیٰ مجمدار کی صدارت میں تین رکنی خصوصی بینچ نے شیخ حسینہ، سابق وزیرِ داخلہ اسد الزماں خان اور سابق پولیس سربراہ چودھری عبداللہ المأمون پر پانچ سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ فرانسیسی خبررساں ایجنسی AFP کے مطابق حسینہ اور اسد الزماں خان کے خلاف ان کی عدم موجودگی میں کارروائی کی جائے گی۔
پراسیکیوٹرز کا کہنا ہے کہ ان افراد پر گزشتہ سال جولائی تا اگست طلبہ کی قیادت میں ہونے والی عوامی تحریک کو دبانے کے لیے قتل عام، قتل اور تشدد جیسے انسانیت سوز اقدامات کے الزامات ہیں۔ ٹریبونل نے ان الزامات کی بنیاد پر مقدمہ چلانے کی منظوری دی ہے۔ عدالت میں واحد حاضر ملزم، چودھری عبداللہ المأمون نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے، جبکہ شیخ حسینہ اور اسد الزماں خان مفرور ہیں۔
یاد رہے کہ عوامی تحریک کے نتیجے میں عوامی لیگ کی حکومت کے زوال کے بعد، شیخ حسینہ 5 اگست 2024 کو ہندوستان چلی گئی تھیں۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت، جس کی سربراہی محمد یونس کر رہے ہیں، نے شیخ حسینہ کی حوالگی کے لیے بھارت سے باضابطہ درخواست کی ہے۔ حکومتِ یونس نے بھارت سے اس معاملے میں اخلاقی اور دانشمندانہ طرزِ عمل اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔
بنگلہ دیش نے گزشتہ سال دسمبر میں ہندوستان کو شیخ حسینہ کی حوالگی کے لیے رسمی سفارتی خط بھی بھیجا تھا، تاہم بھارتی حکومت نے صرف خط موصول ہونے کی تصدیق کی ہے، مگر اس پر تاحال کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔ یہ مقدمہ بنگلہ دیش کی سیاست اور خطے کی سفارتی صورت حال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتا ہے، خاص طور پر اگر بھارت شیخ حسینہ کی حوالگی سے متعلق کسی بھی قسم کا اقدام کرتا ہے۔