ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے ضلع میمن سنگھ میں 27 سالہ ہندو نوجوان دیپو چندر داس کے قتل کے معاملے میں سیکیورٹی اداروں نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اب تک 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ یہ اطلاع بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر دی۔
محمد یونس کے مطابق اس کیس میں ریپڈ ایکشن بٹالین (RAB) نے سات مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے، جبکہ تین ملزمان کو مقامی پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ تمام گرفتاریاں مختلف علاقوں میں خصوصی آپریشنز کے دوران عمل میں آئیں۔ ہجوم کے تشدد سے ہلاکت کا الزام اطلاعات کے مطابق دیپو چندر داس پر مبینہ طور پر توہینِ مذہب کا الزام عائد کر کے ہجوم نے حملہ کیا تھا۔
اس واقعے نے پورے ملک میں شدید غم و غصے کو جنم دیا ہے۔ RAB کی جانب سے گرفتار کیے گئے سات ملزمان میں محمد لیمون سرکار (19)، محمد طارق حسین (19)، محمد مانک میاں (20)، ارشاد علی (39)، نظم الدین (20)، عالمگیر حسین (38) اور محمد میراج حسین اکن (46) شامل ہیں۔ جبکہ پولیس نے محمد اجمل حسن سگیر (26)، محمد شاہین میاں (19) اور محمد نجمُل کو حراست میں لیا ہے۔ بنگلہ دیش میں کشیدگی کے پیش نظر بھارتی تنصیبات کی سکیورٹی سخت صورتحال کے تناظر میں سلہٹ میں واقع بھارتی اسسٹنٹ ہائی کمیشن کے دفتر اور ویزا درخواست مرکز کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے اضافی اقدامات کیے گئے ہیں۔ سلہٹ میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق جمعہ کی صبح سے ہی اپ شہر علاقے میں واقع بھارتی اسسٹنٹ ہائی کمیشن کے دفتر، اسسٹنٹ ہائی کمشنر کی رہائش گاہ اور شو بھانی گھاٹ کے ویزا مرکز پر اضافی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ رات کے وقت بھی نگرانی جاری رہی۔
قابلِ ذکر ہے کہ اس واقعے کے بعد مختلف علاقوں میں احتجاج اور توڑ پھوڑ کے واقعات سامنے آئے، جبکہ چٹاگانگ میں بھارتی اسسٹنٹ ہائی کمشنر کی رہائش گاہ پر پتھراؤ کا واقعہ بھی پیش آیا تھا۔ عبوری حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اس معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں گی اور قصورواروں کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اقلیتوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اضافی اقدامات کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔