بنگلہ دیش:مندروں پر حملے کے خلاف اقلیتوں کی بھوک ہڑتال

Story by  غوث سیوانی | Posted by  [email protected] | Date 17-10-2021
بنگلہ دیش:مندروں پر حملے کے خلاف اقلیتوں کی بھوک ہڑتال
بنگلہ دیش:مندروں پر حملے کے خلاف اقلیتوں کی بھوک ہڑتال

 

 

ڈھاکہ: بنگلہ دیش میں قرآن کی مبینہ توہین کے معاملے میں ہندوؤں کے خلاف تشدد تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بنگلہ دیش کے ہندو، بودھ ،کرسچن ایکتا پریشد نے بنیاد پرستوں کے تشدد کے خلاف 23 اکتوبر سے بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

اس کے ساتھ ، وزیر اعظم شیخ حسینہ سے کہا گیا ہے کہ وہ اس معاملے میں سخت کارروائی کریں۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر ملزمان کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو وہ ایک بڑا احتجاج شروع کریں گے۔

پی ٹی آئی کے مطابق بنگلہ دیش کے تقریبا ہر کونے میں ہندو برادری کے لوگوں کے خلاف تشدد تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ گزشتہ ایک ہفتے سے بنیاد پرست ہندو برادری کے لوگوں کو قرآن کی مبینہ توہین کے سبب مظالم کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

اس تشدد میں اب تک نصف درجن سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ جبکہ کئی ہندو مندروں میں بھی توڑ پھوڑ کی گئی۔ یہ سب نوراتری سے شروع ہوا۔ اب بنگلہ دیش ہندو بدھ عیسائی اتحاد کونسل نے اس تشدد کے خلاف 23 اکتوبر سے ملک بھر میں بھوک ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

بنگالی اخبار دی ٹریبیون کے مطابق دارالحکومت ڈھاکہ سے 157 کلومیٹر دور فینی میں ہندو مندروں اور دکانوں پر ہفتے کے روز شدت پسندوں نے ہنگامہ کیا۔ کئی دکانوں اور مندروں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

تشدد میں فینی ماڈل پولیس اسٹیشن کے انچارج آفیسر نظام الدین سمیت کم از کم 40 افراد زخمی ہوئے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ ہندوؤں کو توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی گئی جو جھڑپوں میں شام 4:30 (مقامی وقت) سے آدھی رات تک جاری رہی۔