بنگلہ دیش:روہنگیا مہاجر کیمپ میں آتشزدگی، پندرہ افراد ہلاک

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | 3 Years ago
خوفناک آتشزدگی
خوفناک آتشزدگی

 

 

ڈھاکہ ۔بنگلہ دیش میں روہنگیا مہاجرین کے ایک کیمپ میں وسیع تر آتش زدگی کے نتیجے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہو گئے۔

-جنوبی ضلع کوکس بازار میں لگنے والی اس آگ کے باعث کم از کم چار سو افراد تاحال لاپتہ ہیں۔اچانک بھڑک اٹھنے والی یہ آگ دیکھتے ہی دیکھتے اس کیمپ کے وسیع تر حصے میں پھیل گئی۔ بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کے مطابق اُوکھیا مہاجر کمیپ میں آتش زدگی سے ایک لاکھ 23 ہزار روہنگیا مہاجرین متاثر ہوئے

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی ترجمان لوئیس ڈونووان نے بتایا کہ اس آتش زدگی کے نتیجے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک ہوئے، جن کی جلی ہوئی لاشیں امدادی کارروائیوں کے دوران ریسکیو کارکنوں کو ملیں۔

مجموعی طور پر اس آگ کی وجہ سے 45 ہزار کے قریب روہنگیا مہاجرین کوکس بازار کے اس کیمپ میں اپنی عارضی پناہ گاہوں سے بھی محروم ہو گئے۔ اوپر: حکام کے مطابق اس آگ نے اُوکھیا مہاجر کیمپ کے وسیع تر حصے کو جلا کر راکھ کر دیا۔

آتش زدگی کے نتیجے میں کیمپ کے رہائشی روہنگیا باشندوں میں سے کم از کم پینتالیس ہزار کے قریب مہاجرین اپنے سروں پر عارضی چھتوں سے بھی محروم ہو گئے اس کے بعد وہاں رہنے والے ہزاروں روہنگیا مہاجرین اپنی تباہ شدہ جھونپڑیوں کے ملبے سے اپنی قیمتی اشیاء تلاش کرتے ہوئے اور اپنے ہلاک، زخمی یا لاپتا ہو جانے والے عزیزوں کے لیے صدمے سے دوچار دکھائی دیے۔

روہنگیا نسلی اقلیت میانمار کی ریاست راکھین میں بدامنی اور سکیورٹی فورسز کے کریک ڈاؤن کے دوران 2017ء میں اپنی جانیں بچا کر ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں پناہ لینے پر مجبور ہوگئی تھی۔