ڈھاکا : بنگلہ دیش میں اقلیتی ہندو برادری کے خلاف تشدد کا ایک اور دل دہلا دینے والا واقعہ سامنے آیا ہے۔ شریعت پور ضلع کے ایک بازار میں میڈیکل اسٹور چلانے والے ہندو تاجر کھوکن چندر داس ہفتہ کی صبح ڈھاکہ کے نیشنل برن انسٹی ٹیوٹ میں دورانِ علاج دم توڑ گئے۔ نئے سال کی آمد سے ایک دن قبل حملہ آوروں نے ان پر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی تھی۔ ڈاکٹروں کے مطابق کھوکن داس کے جسم کا تقریباً 30 فیصد حصہ جھلس گیا تھا۔
ان کے چہرے اور نظامِ تنفس کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ اسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر شاؤن بن رحمان نے بتایا کہ انہوں نے صبح تقریباً 7:20 بجے آخری سانس لی۔ مقامی اخبار پرتھم آلو کے مطابق یہ واقعہ 31 دسمبر کی رات تقریباً 9:30 بجے دامودیا اپازیلا کے کونیشر یونین میں کیور بھانگا بازار کے قریب پیش آیا۔ دکان بند کر کے گھر لوٹتے وقت کھوکن داس کو راستے میں شرپسندوں نے روک لیا، ان پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا اور پھر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی۔
آگ سے بچنے کی کوشش میں وہ قریبی تالاب میں کود گئے۔ ان کی چیخ و پکار سن کر آس پاس کے لوگ موقع پر پہنچے، جس کے بعد حملہ آور فرار ہو گئے۔ شدید حالت میں پہلے انہیں شریعت پور صدر اسپتال اور بعد میں ڈھاکہ منتقل کیا گیا تھا۔ کھوکن داس کی اہلیہ سیما داس، گود میں چھوٹے بچے کو لیے پھوٹ پھوٹ کر روتی نظر آئیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے شوہر روز کی طرح دکان بند کر کے گھر واپس آ رہے تھے۔
ان کے مطابق، ان کے شوہر نے دو حملہ آوروں کو پہچان لیا تھا، اسی وجہ سے بد نیت افراد نے انہیں قتل کرنے کے ارادے سے آگ لگا دی۔ انہوں نے کہا کہ خاندان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی اور نہ ہی کسی قسم کا تنازع تھا، اس کے باوجود یہ حملہ کیوں ہوا، سمجھ سے باہر ہے۔ خاندان نے واقعے کی غیرجانبدارانہ تحقیقات اور تمام ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔
کھوکن داس کے رشتہ دار پرانتو داس نے کہا کہ مجرموں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جانا چاہیے۔ دامودیا تھانے کے انچارج محمد ربیع الحق کے مطابق پولیس نے دو ملزمان، ربی اور سوہاگ، کی شناخت کر لی ہے۔ دونوں مقامی رہائشی ہیں اور ان کی گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔ دیگر ممکنہ ملزمان کی تلاش بھی جاری ہے۔