بنگلادیش: عدالت نے شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 08-10-2025
بنگلادیش: عدالت نے شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا
بنگلادیش: عدالت نے شیخ حسینہ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیا

 



ڈھاکا:بنگلادیش کی بین الاقوامی جرائم عدالت نے بدھ کے روز برطرف وزیرِاعظم شیخ حسینہ اور کئی دیگر افراد کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کر دیے۔ یہ کارروائی عوامی لیگ کی حکومت کے دوران لوگوں کو جبراً لاپتہ کرنے اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات کے سلسلے میں کی گئی ہے۔

میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق، جسٹس محمد غلام مرتضیٰ مجومدار کی سربراہی میں قائم تین رکنی بین الاقوامی جرائم عدالت (ICT) کی بنچ نے دو الگ الگ مقدمات میں درج الزامات کا نوٹس لیا ہے۔ بی ڈی نیوز 24 کے مطابق، ان مقدمات میں شیخ حسینہ اور 29 دیگر افراد پر سلامتی اداروں کے زیرِ انتظام خفیہ مراکز میں سیاسی مخالفین کو حراست میں لینے، تشدد دینے اور غائب کرنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی BSS کے مطابق، عدالت نے حسینہ اور دیگر ملزمان کے خلاف گرفتاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہیں عدالت میں 22 اکتوبر کو پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔ خیال رہے کہ شیخ حسینہ گزشتہ سال 5 اگست کو حکومت مخالف طلبہ کی قیادت میں ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران ملک چھوڑ کر ہندوستان چلی گئی تھیں۔

پہلے مقدمے میں استغاثہ نے 13 افراد کے خلاف پانچ الزامات عائد کیے ہیں، جن میں حسینہ اور اُن کے سابق سلامتی و دفاعی مشیر طارق احمد صدیقی بھی شامل ہیں۔ یہ الزامات فوجی انٹیلی جنس کے مشترکہ تفتیشی مرکز میں کیے گئے مبینہ جرائم سے متعلق ہیں۔ دوسرا مقدمہ شیخ حسینہ، صدیقی اور 15 دیگر افراد پر ریپڈ ایکشن بٹالین (RAB) کے تفتیشی یونٹ کے زیرِ انتظام ایک خفیہ مرکز میں قیدیوں کو لاپتہ کرنے اور تشدد دینے کے الزامات پر مبنی ہے۔