ڈھاکہ : بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے ہفتہ کے روز کہا کہ ہندو شخص کو پیٹ پیٹ کر قتل کرنے کے واقعے میں سات افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ میمن سنگھ شہر میں جمعرات کے روز مبینہ توہینِ مذہب کے الزام پر ہجوم نے 25 سالہ دیپو چندر داس کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا اور اس کی لاش کو آگ کے حوالے کر دیا تھا۔
عبوری حکومت، جس کی قیادت چیف ایڈوائزر محمد یونس کر رہے ہیں، نے 'ایکس' پر بتایا کہ ریپڈ ایکشن بٹالین (RAB) نے اس معاملے میں مشتبہ افراد کے طور پر سات افراد کو گرفتار کیا ہے۔ حکومت کے مطابق یہ گرفتاری مختلف مقامات پر کارروائیوں کے دوران عمل میں آئی، اور گرفتار افراد کی عمر 19 سے 46 سال کے درمیان ہے۔
پولیس کے مطابق، ہجوم نے توہینِ مذہب کے الزام میں فیکٹری میں کام کرنے والے داس کو پہلے فیکٹری کے باہر مارا، پھر درخت سے لٹکا دیا۔ پولیس نے کہا کہ بعد ازاں ہجوم نے مقتول کی لاش کو ڈھاکہ-میمن سنگھ ہائی وے کے کنارے چھوڑ کر آگ لگا دی۔ واقعے کی جگہ پر پہنچنے والی پولیس نے لاش برآمد کی اور پوسٹ مارٹم کے لیے میمن سنگھ میڈیکل کالج کے مردہ خانے میں بھیج دی۔
عبوری حکومت نے جمعہ کو اس قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا، نئے بنگلہ دیش میں اس طرح کے تشدد کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ حکومت نے مزید کہا، اس سنگین جرم کے مرتکب افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ بنگلہ دیش میں ہندو برادری گزشتہ سال اگست میں سابق وزیرِ اعظم شیخ حسینہ کے ہٹائے جانے کے بعد اقلیتی برادری کے خلاف ہونے والے مسلسل واقعات سے متاثر رہی ہے۔