بلوچستان۔ 9 بس مسافروں کا قتل

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 11-07-2025
بلوچستان۔ 9  بس مسافروں کا قتل
بلوچستان۔ 9 بس مسافروں کا قتل

 



کوئٹہ : بلوچستان میں بین الصوبائی قومی شاہراہ پر ایک بار پھر بے گناہ مسافروں کو ہدف بنانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔ حکام کے مطابق ضلع ژوب کے قریب سرہ ڈاکئی کے مقام پر جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب نامعلوم مسلح افراد نے بسوں کو روک کر شناخت کے بعد کم از کم نو مسافروں کو گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔

واقعہ لورالائی اور موسیٰ خیل کے درمیان واقع این-70 قومی شاہراہ پر پیش آیا، جو کوئٹہ کو پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان سے ملاتی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک شدگان کا تعلق پنجاب سے ہے۔

یہ شاہراہ گزشتہ ایک سال میں کئی بار ایسے ہی پرتشدد حملوں کا نشانہ بن چکی ہے۔ فروری 2024 میں موسیٰ خیل سے متصل بارکھان کے علاقے رڑکن میں لاہور جانے والی بس سے سات مسافروں کو اتار کر قتل کیا گیا تھا، جن کا تعلق بھی پنجاب سے تھا۔

اس سے قبل اگست 2023 میں راڑہ شم کے مقام پر اسی قومی شاہراہ پر پیش آئے ایک اور ہولناک واقعے میں 22 مسافروں کو شناخت کے بعد قتل کر دیا گیا تھا۔

مسلسل ہونے والے ان واقعات نے نہ صرف مسافروں کے تحفظ پر سوال اٹھا دیے ہیں بلکہ قومی شاہراہوں کی سیکیورٹی اور انٹیلیجنس کی مؤثر حکمت عملی کی بھی شدید ضرورت کو اجاگر کیا ہے۔ عوامی حلقے اور متاثرہ خاندان ایک بار پھر حکومت سے فوری ایکشن اور مجرموں کی گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں۔