بلوچستان: ایک اور بس حادثہ،بیس افراد ہلاک

Story by  اے ٹی وی | Posted by  [email protected] | Date 03-07-2022
بلوچستان: ایک اور بس حادثہ،بیس افراد ہلاک
بلوچستان: ایک اور بس حادثہ،بیس افراد ہلاک

 

 کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب میں اتوار کو راولپنڈی سے آنے والی مسافر بس دہانہ سر کے مقام پر کھائی میں گرنے سے 19 افراد ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوگئے

صوبہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی سرحد پر واقع یہ پہاڑی علاقہ دشوار گزار ہے جہاں بارش کے بعد سڑک پر پھسلن ہو رہی تھی۔ اسی پھسلن اور تیز رفتاری کے باعث ڈرائیور سے بس بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گری۔‘

’کئی سو فٹ گہری کھائی میں گرنے اور بھاری پتھروں سے ٹکرانے کے باعث بس تباہ ہو گئی اور کئی مسافر اس میں بری طرح پھنس گئے جنہیں نکالنے میں امدادی ٹیموں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔‘

ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان کے ترجمان اعزاز محمود کے مطابق ’کھائی سے اب تک 19 لاشوں کو نکالا جا چکا ہے جن میں سے 15 لاشوں کو ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے مغل کوٹ جبکہ چار کو ژوب منتقل کیا گیا ہے۔

جائے حادثہ پر بلوچستان کے میڈیکل ایمرجنسی رسپانس سینٹر 1122، خیبر پختونخوا کی ریسکیو 1122 اور ایف سی کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں اور زخمیوں کو ژوب منتقل کیا۔

گزشتہ ایک ماہ کے دوران یہ دوسرا ہولناک حادثہ ہے۔ آٹھ جون کو بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ میں مسافر ویگن کھائی میں گرنے سے 22 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔ موٹروے پولیس کے مطابق بلوچستان میں سڑک حادثات میں ہر سال چھ سے آٹھ ہزار افراد ہلاک ہوتے ہیں۔ سڑک حادثات کی روک تھام کے لیے کام کرنے والی رضاکار تنظیم بلوچستان یوتھ اینڈ سول سوسائٹی کے چیئرمین نجیب یوسف زہری کے مطابق زیادہ تر حادثات دو رویہ سڑکیں نہ ہونے اور ٹریفک قوانین کی عدم پاسداری کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔