بلوچ قوم پرست رہنما جمعہ خان بلوچ انتقال کر گئے

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 12-06-2021
جمعہ خان بلوچ
جمعہ خان بلوچ

 

 

 متحدہ عرب امارات میں مقیم بزرگ بلوچ قوم پرست رہنما جمعہ خان بلوچ انتقال کر گئے ہیں،گذ شتہ روز انکی طبعیت خراب ہونے کی وجہ سے شدید علیل ہوئے اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ بلو چ آزادی پسند رہنماؤں، ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ،واحد قمبر بلوچ، رحیم بلوچ ایڈووکیٹ نے انھیں خراج تحسین پیش کیا۔ جمعہ خان بلوچ پاکستانی فوجی آمر ایوب خان کے دور اقتدار میں بلوچستان سے جلاوطن ہوئے تھے اور زندگی کی آخری ایام تک متحدہ عرب امارات میں مقیم رہے۔بلوچ قوم پرست حلقوں کی جانب سے جمعہ خان بلوچ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا جارہا ہے۔

بلوچستان کی آزادی کے لیے انکی خدمات کو اہم قرار دیا جاتا ہے،۔بلوچ آزادی پسند رہنماء ڈاکٹر اللہ نذر بلوچ نے واجہ میر جمعہ خان بلوچ کی وفات پر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ وہ واجہ جمعہ خان بلوچ کی وفات پر افسردہ ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ انکا کردار بلوچ نوجوانوں کی رہنمائی کرتا رہے گا۔ بلوچ آزادی پسند رہنما رحیم بلوچ ایڈووکیٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹیوٹر پر اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں بلوچ لیجنڈ میر جمعہ خان کی وفات نے غمزدہ کیا۔ان کی ساری زندگی اور انتھک جدوجہد بلوچ آزادی خواہوں کے لئے مشعلِ راہ ہے۔ میرا دل اور خیالات اس کے کنبہ کے ساتھ ہیں۔ دعا ہے کہ ان کی روح کو سکون ملے اور ان کا ایک آزاد بلوچستان کا خواب سچ ہو۔

بزرگ بلوچ آزادی پسند رہنما واحد کمبر بلوچ نے کہا ہے کہ میر جمعہ خان کی بلوچ جہد آزادی میں خدمات گراں قدر ہیں،انہوں نے انکے خاندان والوں سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ انکو صبر عطا فرمائے۔

آزادی پسند رہنما واحد کمبر نے کہا ہے کہ میر جمعہ خان ایک بہترین دوست اور ساتھی تھے،بلوچ تاریخ سمیت انھیں سیاست پر عبور حاصل تھا،یقینا انکی وفات سے جو خلاء پیدا ہو ا ہے اسے پر نہیں کیا جاسکتا مگر انکی تعلیمات اور قومی جہد میں رہنمائی بلوچ تاریخ کا اہم باب ہیں۔انکی تعلیمات نوجوانوں کے لیے مشل راہ ہیں،میر جمعہ خان کے بیٹوں ڈاکٹر خالد، عمر بلوچ سمیت خاندان کے افراد کے اس دکھ کے لمحے میں بلوچ قوم انکے ساتھ ہیں۔