ودوشی گور/ نئی دہلی
بالندرا شاہ یا بالین شاہ نے 2022 میں کٹھمنڈو کے میئر کے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کر کے نیپال کی سیاسی بساط کو یکسر بدل ڈالا۔ انہوں نے بظاہر مختلف طبقوں کو یکجا کردیا، نوجوانوں کی ثقافت، تکنیکی مہارت اور شفاف سیاست کو نمونہ بنایا۔ ان کے میوزک نمبرز نے سب کو ہلا ڈالا اور سوشل میڈیا کے اندر اور باہر ان کی زبردست مقبولیت نے انہیں نئی نسل کے رہنما اور جین زی(Gen-Z) کا آئیکون بنا دیا، جو ہمالیائی ملک میں بڑی تبدیلی کے لیے احتجاج کی قیادت کر رہی ہے۔ بالین شاہ اہم اس لیے ہیں کہ وہ اس وقت نیپال کے سب سے زیادہ مقبول رہنما ہیں۔ ان کی زندگی کے چند پہلو درج ذیل ہیں:
کیا وہ وزیرِاعظم بننے والے ہیں؟
نوجوانوں کی قیادت میں ہونے والے پرتشدد احتجاج کے نتیجے میں،وزیرِاعظم کے۔ پی۔ شرما اولی کے استعفیٰ دینے اور ممکنہ طور پر ملک چھوڑنے کے بعد، بالین شاہ کو جین زی کے پسندیدہ امیدوار کے طور پر نیپال کے اگلے وزیرِاعظم کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ بہت سے لوگوں کے نزدیک وہ کرپشن اور جمود کے اُس چکر سے نجات کی علامت ہیں جس نے نیپال کو جکڑ رکھا ہے۔ان کا نام اصلاحات، بدعنوانی کے خاتمے اور ایک نئے نیپال کے وژن کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔ ایسے ملک میں جہاں تقریباً نصف آبادی کی عمر 25 سال سے کم ہے، بالین ایک نوجوانوں کے ہیرو کی حیثیت رکھتے ہیں۔ان کا منفرد امتزاج ،ریپ موسیقی، انجینئرنگ کی مہارت، اور بے خوف سیاست ،اس نسل کے ساتھ ہم آہنگ ہے جو پرانے رہنماؤں سے مایوس ہو چکی ہے۔ 2025 کے جین زی احتجاجات کے دوران، بہت سے نوجوان کارکنوں نے بالین کو ایک نئے، غیر بدعنوان نیپال کے چہرے کے طور پر اپنایا۔ ان کی مقبولیت اب کٹھمنڈو کی سرحدوں سے کہیں آگے جا چکی ہے۔
ریپ بیٹل سے سیاست تک
سیاست میں آنے سے پہلے بالین نیپال کے ہپ ہاپ منظرنامے میں ایک معروف نام تھے۔ وہ بیٹل ریپر کے طور پر جانے گئے، جہاں انہوں نے دل چسپ اور طنزیہ شاعری کو سماجی تبصرے کے ساتھ جوڑ دیا۔ نیپالی نوجوانوں کی ایک نسل کے لیے وہ محض ایک تفریح کار نہیں تھے بلکہ ایک ایسی آواز تھے جو ان کی بدعنوانی، بیروزگاری اور سیاسی جمود پر مایوسیوں کو بیان کرتی تھی۔ موسیقی کے ذریعے جڑنے کی یہی صلاحیت ان کے سیاسی عروج کی بنیاد بنی۔
وژن رکھنے والے انجینئر
بالین کی پیدائش کٹھمنڈو میں ہوئی۔ انہوں نے نیپال انجینئرنگ کالج سے سول انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی اور بعد میں ہندوستان کی کرناٹک ریاست میں وشویشوریا ٹیکنالوجیکل یونیورسٹی سے اسٹرکچرل انجینئرنگ میں ماسٹرز کیا۔
کٹھمنڈو کے پہلے آزاد میئر
مئی 2022 میں بالین نے کٹھمنڈو کے میئر کا انتخاب آزاد امیدوار کے طور پر لڑا۔ نیپال کی روایتی سیاسی جماعتوں کی حمایت کے بغیر، انہوں نے شاندار کامیابی حاصل کی۔ یہ عوام کی نئی قیادت کی خواہش کا اظہار تھا۔ ان کی جیت نے نوجوان نیپالیوں کو یہ یقین دلایا کہ پارٹی سسٹم کے بغیر بھی تبدیلی ممکن ہے۔بالین نے 2021 میں سبینا کافلے سے شادی کی جو اقوام متحدہ کے ترقیاتی فنڈ(UNDP) کے ساتھ بطور پبلک ہیلتھ پروفیشنل کام کرتی ہیں۔ جوڑے کی ایک بیٹی ہے۔
ان کی کامیابیاں
میئر کے طور پر بالین کو سب سے بڑا چیلنج کٹھمنڈو کا دیرینہ کچرا مینجمنٹ کا مسئلہ تھا۔ انہوں نے ذاتی طور پر کچرا اکٹھا کرنے کی مہمات کی نگرانی کی، لینڈفل سائٹس کے تنازعات حل کیے اور نظامی حل تلاش کرنے کی کوشش کی۔ ان کے فعال رویے نے انہیں مسئلہ حل کرنے والے رہنما کے طور پر ساکھ بخشی۔عوامی مباحث کو کھولنے کے ذریعے انہوں نے احتساب اور شفافیت کو مضبوط کیا۔ شہری دیکھ سکتے تھے کہ فیصلے کیسے زیرِبحث آتے اور منظور کیے جاتے ہیں، جس سے پسِ پردہ سودے بازی اور سیاسی جوڑ توڑ کی گنجائش کم ہوئی۔ یہ عمل نیپالی مقامی حکمرانی میں ایک انقلابی اصلاح کے طور پر سراہا گیا۔
انسدادِ بدعنوانی کا آئیکون
بالین نے ہمیشہ بدعنوانی کے خلاف آواز بلند کی ہے، نہ صرف سیاسی نعروں میں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے بھی۔ ان کی انتظامیہ نے غیر قانونی تعمیرات، زمین پر قبضے، اور بلدیاتی نظام کی بے ضابطگیوں کو نشانہ بنایا۔ طاقتور طبقوں سے وابستہ غیر مجاز ڈھانچوں کو بھی ڈھا دینا اس بات کا واضح پیغام تھا کہ قانون سب پر یکساں لاگو ہوگا۔
عالمی سطح پر پذیرائی
2023 میں، ٹائم میگزین نے انہیں اپنی فہرست “Time100 Next”میں شامل کیا، جو دنیا بھر کے ابھرتے ہوئے رہنماؤں اور جدت پسندوں کو اجاگر کرتی ہے۔
کیا وہ ہندوستانمخالف ہیں؟
بالین نے ایک بار کٹھمنڈو میں ہندوستانی فلموں کی نمائش پر پابندی کا اعلان کیا۔ اگرچہ کچھ لوگوں نے اسے محض عوامی مقبولیت کے لیے اٹھایا گیا قدم قرار دیا، لیکن بہت سے لوگوں کے نزدیک یہ نیپال کی خودمختاری اور ثقافتی شناخت کے جرات مندانہ اظہار کی علامت تھا۔ کئی تجزیہ کاروں نے اس فیصلے کو ان کے ہندوستانمخالف رویے کے طور پر دیکھا۔