نئی دہلی:مغربی ایشیا میں جاری کشیدہ حالات کے پیش نظر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف شپنگ (ڈی جی ایم اے) نے جہاز مالکان، جہازوں کے انتظامی اداروں اور بھرتی کرنے والی کمپنیوں کو آئندہ حکم تک ہدایت دی ہے کہ وہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر ہندوستانی ملاحوں کی تعیناتی سے گریز کریں۔
ڈی جی ایم اے نے اپنے مشاورتی نوٹ میں کہا ہے کہ خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور اس سے ملحقہ سمندری علاقوں میں سفر کرنے والے جہازوں کے کپتان اعلیٰ درجے کی حفاظتی چوکسی برقرار رکھیں، بین الاقوامی بحری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں اور تازہ ترین سکیورٹی انتباہات پر مسلسل نظر رکھیں۔
یہ ہدایت اس ہفتے آبنائے ہرمز میں ایم ٹی ال بہیا اور ایم ٹی ممباسا نامی دو بحری جہازوں پر حملوں کے بعد جاری کی گئی ہے۔ ان دونوں جہازوں پر 46 رکنی عملے میں 30 ہندوستانی ملاح شامل تھے۔ ایم ٹی ال بہیا پر ایک ہندوستانی ملاح ہلاک اور ایک زخمی ہوا، جبکہ ایم ٹی ممباسا پر سوار نو ہندوستانی شہری زخمی ہوئے۔ مرکزی حکومت نے ڈی جی ایم اے کو یہ بھی ہدایت دی ہے کہ خلیج فارس، آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں چلنے والے تمام جہازوں پر موجود ہندوستانی ملاحوں کی معلومات کے لیے ایک خصوصی ڈیش بورڈ تیار کیا جائے، خواہ جہاز کسی بھی ملک کے پرچم تلے رجسٹرڈ ہوں۔