اسکون مندر پر حملہ منظم سازش کا نتیجہ: اسد الزماں خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 18-10-2021
اسکون مندر پر حملہ منظم سازش کا نتیجہ: اسد الزماں خان
اسکون مندر پر حملہ منظم سازش کا نتیجہ: اسد الزماں خان

 

 

آواز دی وائس، ایجنسی

بنگلہ دیش میں ہندو مندروں پر حملوں کے متعدد واقعات کے ہونے کے بعد ملک کے دو بڑے وزراء نے دو الگ الگ بیانات دیے ہیں۔

وزیر داخلہ اسد الزماں خان نے اتوار کو کہا کہ درگا پوجا کے دوران پنڈالوں پر حملے پہلے سے طے شدہ تھے اور یہ ایک سازش کے حصے کے طور پر کیے گئے ہیں۔

اس کے ساتھ ہی وزیر مملکت برائے اطلاعات مراد حسن نے کہا کہ اسلام بنگلہ دیش کا قومی مذہب نہیں ہے، یہ ایک سیکولر ملک ہے۔

اسدالزمان خان نے مندروں پر حملے کے بارے میں کہا کہ ان کا مقصد بنگلہ دیش میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو تباہ کرنا ہے۔ کومیلہ میں بدھ کے روز ایک ہندو مندر میں لوگوں پر حملے کئے گئے تھے۔ اس کے بعد سیکڑوں معلوم اور نامعلوم افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

جب یہ پوچھا گیا کہ کومیلا حملہ کیوں ہوا، وزیر نے کہا کہ تمام شواہد ملنے کے بعد اسے منظر عام پر لایا جائے گا اور تمام مجرموں کو سزا دیں گے۔

اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش کے وزیر مملکت برائے اطلاعات مراد حسن نے کہا کہ بنگلہ دیش ایک سیکولر قوم ہے اور ہم 1972 کے آئین کی پاسداری کریں گے جو بنگلہ دیش کے بابائے قوم و صدر شیخ مجیب الرحمن نے بنایا تھا۔

بنگلہ دیش کبھی بھی مذہبی بنیاد پرستوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں بن سکتا۔ 

 بنگلہ دیش شیخ مجیب الرحمٰن کے سب سے چھوٹے بیٹے شیخ رسل کی 57 ویں سالگرہ کے موقع پر انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرز سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "مجھے نہیں لگتا کہ اسلام ہمارے ملک کا مذہب ہے۔ آزادی پسندوں کا خون ہماری رگوں میں بہہ رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھاؤں گا۔

بنگلہ دیش میں ہندو مندروں پر حملوں کا آغاز 13 اکتوبر کو ہوا جب اشٹمی کے موقع پر مورتی وسرجن کے موقع پر کئی پوجا پویلین میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ چٹاگاؤں کے کومیلا علاقے میں درگا پنڈال پر حملوں میں چار افراد ہلاک ہوئے۔

سوشل میڈیا پر ایک افواہ تھی کہ پوجا پنڈال میں قرآن پایا گیا ، جس کے بعد کئی مقامات پر پرتشدد واقعات رونما ہوئے۔ چاند پور ، چٹاگاؤں ، غازی پور ، بندربن ، چاپین واب گنج اور مولوی بازار میں کئی پوجا پنڈلز میں توڑ پھوڑ کی گئی۔