وائٹ ہاؤس کے قریب حملہ، ٹرمپ نے کہا- بھاری قیمت چکانی پڑے گی

Story by  ATV | Posted by  Aamnah Farooque | Date 27-11-2025
وائٹ ہاؤس کے قریب حملہ، ٹرمپ نے کہا- بھاری قیمت چکانی پڑے گی
وائٹ ہاؤس کے قریب حملہ، ٹرمپ نے کہا- بھاری قیمت چکانی پڑے گی

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر کی رہائش وائٹ ہاؤس سے چند ہی فاصلے پر بدھ کی دوپہر نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔ واشنگٹن ڈی سی میں تعینات ویسٹ ورجینیا نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں کو بدھ کے روز وائٹ ہاؤس کے قریب ایک پرتشدد واقعے میں گولی ماری گئی۔
ڈی سی کی میئر میوریئل بوؤزر نے اس واقعے کو ’’ٹارگٹڈ اٹیک‘‘ قرار دیا ہے۔ حملے کے بعد وائٹ ہاؤس میں فوری طور پر لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔
اس وقت صدر ڈونالڈ ٹرمپ فلوریڈا میں موجود تھے۔ انہوں نے مشتبہ حملہ آور کو ’’جانور‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اسے اس حرکت کی ’’بہت بھاری قیمت چکانی پڑے گی‘‘۔ ٹرتھ سوشل پر اپنے بیان میں ٹرمپ نے لکھا کہ جس جانور نے دو نیشنل گارڈز کے جوانوں کو گولی ماری، دونوں جوان شدید زخمی ہیں اور دو مختلف اسپتالوں میں داخل ہیں۔ حملہ آور بھی سخت زخمی ہے۔ پھر بھی اسے اس کی بہت بڑی قیمت چکانی پڑے گی۔ خدا ہمارے عظیم نیشنل گارڈز، ہماری پوری فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو برکت دے۔ یہ واقعی عظیم لوگ ہیں۔ میں، ریاستہائے متحدہ کا صدر ہونے کے ناطے، اور دفترِ صدارت سے وابستہ تمام لوگ آپ کے ساتھ ہیں۔
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے بتایا کہ دونوں گارڈز شدید زخمی حالت میں ہیں اور ایف بی آئی اس واقعے کی تفتیش کی قیادت کر رہی ہے۔ بی بی سی کے مطابق، مشتبہ شخص کی شناخت 29 سالہ رحمان اللہ لکنوال کے طور پر ہوئی ہے، جو افغان شہری ہے اور 2021 میں امریکہ پہنچا تھا۔
حملہ آور کو پکڑ لیا گیا
فائرنگ وائٹ ہاؤس سے تقریباً دو بلاک دور ایک میٹرو اسٹیشن کے قریب ہوئی۔ میٹرو پولیٹن پولیس کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ چیف کے مطابق گولیوں کی آواز سنتے ہی علاقے میں موجود دیگر نیشنل گارڈ اہلکاروں نے حملہ آور کو گھیر لیا۔ اسے بھی گولی لگی اور اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اس کے زخم جان لیوا نہیں لگتے۔ پولیس نے تصدیق کی کہ اس واقعے میں کوئی دوسرا مشتبہ شامل نہیں تھا اور موقع پر موجود اہلکار حملہ آور کو قابو میں کرنے میں کامیاب رہے۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس  جو واقعے کے وقت کینٹکی میں تھے — نے کہا کہ فائرنگ کے پیچھے کا واضح مقصد ابھی معلوم نہیں۔ ایف بی آئی ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اسے ’’حملہ‘‘ قرار دیا ہے جبکہ ڈی سی میئر بوؤزر نے اسے ’’مخصوص اور ہدف بنا کر کی گئی فائرنگ‘‘ کہا ہے۔
واشنگٹن پولیس کے ایگزیکٹو اسسٹنٹ چیف جیفری کیرول نے بتایا کہ تفتیش کاروں کو اب تک حملے کے محرک کا علم نہیں ہو سکا۔ ان کا کہنا تھا کہ ویڈیو فوٹیج کے مطابق حملہ آور ایک کونے سے آیا اور جیسے ہی اس نے فوجیوں کو دیکھا فوراً فائرنگ شروع کر دی۔ ایک قانون نافذ کرنے والے اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پولیس کی حراست میں موجود مشتبہ شخص کو بھی گولی لگی ہے، تاہم اس کی حالت جان لیوا نہیں بتائی گئی۔
فائرنگ کے بعد ٹرمپ انتظامیہ نے فوری طور پر 500 مزید نیشنل گارڈ اہلکاروں کو واشنگٹن بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیَتھ نے بتایا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے انہیں اضافی فوجی فوراً بھیجنے کی ہدایت دی ہے۔