ایشین چیمپئن شپ: سمراٹ رانا نے ایئر پسٹل میں کانسی، ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا

Story by  PTI | Posted by  [email protected] | Date 04-02-2026
ایشین چیمپئن شپ: سمراٹ رانا نے ایئر پسٹل میں کانسی، ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا
ایشین چیمپئن شپ: سمراٹ رانا نے ایئر پسٹل میں کانسی، ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا

 



نئی دہلی: عالمی چیمپئن سمراٹ رانا ایشیائی نشانہ بازی چیمپئن شپ میں مردوں کے 10 میٹر ایئر پسٹل کے فائنل میں اپنی متوقع کارکردگی نہ دکھا سکے اور بدھ کو یہاں مقابلے کے پہلے دن انہیں کانسی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ گزشتہ سال قاہرہ میں ہونے والی عالمی چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ جیتنے والے سمراٹ نے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 581 کا اسکور بنا کر دوسری پوزیشن حاصل کی اور فائنل میں جگہ بنائی، جس سے یہ امید کی جا رہی تھی کہ وہ اپنی شاندار فارم کو برقرار رکھیں گے۔

تاہم فائنل میں 21 سالہ اس نشانہ باز نے 221.5 پوائنٹس حاصل کیے اور چین کے عالمی نمبر ایک کھلاڑی ہو کائی (243.0) اور قازقستان کے ویلیری رکھیمزان (241.0) سے پیچھے رہتے ہوئے تیسری پوزیشن پر رہے۔ فائنل میں پہنچنے والے دوسرے بھارتی کھلاڑی شراون کمار چوتھے نمبر پر رہے۔ بھارت نے اس ایونٹ میں ٹیم مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا۔

بھارت کی جانب سے سمراٹ (581)، شراون (578) اور عالمی چیمپئن شپ کے کانسی کے تمغہ یافتہ ورن تومر (573) نے مجموعی طور پر 1732 پوائنٹس حاصل کیے۔ ازبکستان کے بھی 1732 پوائنٹس تھے، لیکن اس نے میزبان بھارت کے 52 کے مقابلے میں 58 ’اِنر 10‘ اسکور کیے، جس کی بنیاد پر اسے سونے کا تمغہ ملا۔ قازقستان 1731 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے مقام پر رہا۔ بھارت نے اس مقابلے میں 118 نشانہ بازوں کا سب سے بڑا دستہ اتارا ہے، جبکہ قازقستان کے 35 نشانہ باز اس ٹورنامنٹ میں حصہ لے رہے ہیں۔