سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی پاکستان کے لیے امتحان بن گئی

Story by  ATV | Posted by  [email protected] | Date 12-09-2026
سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی پاکستان کے لیے امتحان بن گئی
سعودی عرب اور حوثیوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی پاکستان کے لیے امتحان بن گئی

 



اسلام آباد/دبئی: سعودی عرب اور ایران کی حمایت یافتہ یمنی حوثی تحریک کے درمیان اس ہفتے ہونے والی لڑائی نے پاکستان کے لیے ایک مشکل سفارتی صورتحال پیدا کردی ہے۔ پاکستان گزشتہ ایک سال سے ایک طرف سعودی عرب کے دفاعی شراکت دار اور دوسری جانب تہران کے ساتھ واشنگٹن کے پس پردہ رابطے کے کردار میں ہے۔ تاہم سعودی افواج اور حوثیوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے اسلام آباد کے لیے بیک وقت دونوں تعلقات کو برقرار رکھنا مشکل بنا دیا ہے۔

یہ لڑائی گزشتہ ماہ پاکستان سعودی عرب اور ترکی کے درمیان طے پانے والے باہمی دفاعی معاہدے کا پہلا بڑا امتحان بھی ہے۔ اس معاہدے کے تحت تینوں ممالک میں سے کسی ایک پر مسلح حملے کو تینوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ اس سے قبل پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان پہلے ہی دفاعی تعاون کا معاہدہ موجود تھا۔

پاکستانی حکام کو خدشہ ہے کہ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کو لاحق خطرہ اسلام آباد کو براہ راست جنگ میں گھسیٹ سکتا ہے۔ رواں سال کے آغاز میں سعودی توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر ایرانی میزائل حملوں کے مقابلے میں حوثیوں کی کارروائیاں پاکستان کے لیے زیادہ فوری خطرہ بن سکتی ہیں۔ جولائی میں پاکستانی حکام نے رائٹرز کو بتایا تھا کہ پاکستانی فوجی یمن کے قریب سعودی سرحد پر تعینات ہیں جس سے موجودہ صورتحال میں ان کے براہ راست زد میں آنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

خلیجی ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدے پاکستان کی کمزور معیشت کو سہارا دینے کی کوششوں کا اہم حصہ ہیں۔ ان معاہدوں کے ساتھ اکثر خلیجی سرمایہ کاری سے متعلق مذاکرات بھی ہوتے رہے ہیں۔ تاہم پاکستان تیل اور گیس کی ترسیل کے لیے آبنائے ہرمز اور بحیرہ احمر کی گزرگاہوں پر بھی انحصار کرتا ہے۔ ایران اور حوثی ان راستوں میں خلل ڈالنے کی صلاحیت کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اسلام آباد خلیجی ممالک کے ساتھ تعلقات مضبوط کرنے کے باوجود تہران کو ناراض کرنے سے گریز کرنا چاہتا ہے۔

ایران کے لیے واضح پیغام

ایران اور جوہری صلاحیت رکھنے والے پاکستان کے درمیان ماضی میں کئی مرتبہ کشیدگی خطرناک صورت اختیار کرچکی ہے۔ دو سال قبل ایران نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں مبینہ عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر میزائل اور ڈرون حملے کیے تھے۔ اس کے جواب میں اسلام آباد نے بھی حملے کیے۔ اس صورتحال نے دونوں ممالک کے درمیان نئے تنازع کے خدشات پیدا کردیے تھے تاہم کشیدگی جلد ہی کم ہوگئی تھی۔

موجودہ صورتحال میں پاکستان وقت گزرنے سے پہلے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس ہفتے اسلام آباد نے ایران کو سعودی عرب کی جانب سے یہ پیغام پہنچایا کہ وہ اپنے یمنی حوثی اتحادیوں کو قابو کرے۔ پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بھی جمعرات کی شام ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر بات کی اور تمام محاذوں پر کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی کوششیں بحال کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

ایک پاکستانی حکومتی عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ پاکستان سعودی عرب اور حوثیوں کے تنازع میں کم نمایاں کردار رکھنے کی کوشش کر رہا ہے کیونکہ اس کے اپنے مفادات بھی داؤ پر لگے ہوئے ہیں اور وہ ایران کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتا۔

پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر خان نے بھی کہا کہ فی الحال حوثیوں کے حملوں کے جواب میں کسی فوجی کارروائی پر غور نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی قیادت پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کو مسلسل سراہتی رہی ہے اور پاکستان نے ہمیشہ کشیدگی میں اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے تحمل مذاکرات اور سفارت کاری کی حمایت کی ہے۔

پاکستان کے لیے مشکل توازن

ایرانی حکام نے عوامی طور پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ وہ پاکستان سعودی عرب اور ترکی کے دفاعی معاہدے کو اپنے لیے خطرہ نہیں سمجھتے۔ تاہم ایرانی ذرائع کے مطابق پس پردہ صورتحال مختلف ہے۔ تین ایرانی ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ ایران پاکستان کے ارادوں کو اچھا سمجھ سکتا ہے لیکن اسے قطر جیسے تجربہ کار ثالثوں کی طرح مذاکراتی تجربہ اور صورتحال پر اثرانداز ہونے کی صلاحیت حاصل نہیں ہے۔

یوں سعودی عرب کے ساتھ بڑھتے دفاعی تعلقات اور ایران کے ساتھ تاریخی جغرافیائی و معاشی روابط کے درمیان پاکستان کو ایک نہایت حساس توازن برقرار رکھنا پڑ رہا ہے۔ موجودہ بحران اسلام آباد کے لیے یہ فیصلہ کن امتحان بن سکتا ہے کہ وہ سعودی عرب کے ساتھ اپنے دفاعی وعدوں کو پورا کرتے ہوئے ایران کے ساتھ تعلقات کو کس حد تک محفوظ رکھ سکتا ہے۔