مکہ: سعودی وزارت داخلہ کے سکیورٹی ترجمان کرنل طلال الشلہوب نے انکشاف کیا ہے کہ حج کے دوران قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے تقریباً 397 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں سے 25 افراد وہ ہیں جو 103 غیر مجاز عازمین کو بغیر اجازت حج کے لیے لے جا رہے تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انتظامی کمیٹیوں نے 357 فیصلے کیے ہیں، جن میں جرمانے اور دیگر سزائیں شامل ہیں۔ کرنل الشلہوب نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ حج سکیورٹی فورسز عازمین کی نقل و حرکت کو آسان بنانے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز اور مربوط منصوبہ بندی کے تحت کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے عازمین سے اپیل کی کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں تاکہ ان کی حفاظت اور مناسک کی ادائیگی میں کوئی خلل نہ آئے۔ سعودی وزارت داخلہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ حجاج کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجیز پر انحصار کر رہی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے عازمین سے ہدایات پر عمل کرنے اور رہنمائی کی پیروی کرنے کی اپیل کی ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کا یہ بیان سعودی عرب میں سٹیٹ سکیورٹی پریذیڈنسی کے اس بیان کے ساتھ ہی آیا ہے کہ حاجی ہماری نظروں میں ہیں اور خلاف ورزی کرنے والا ہماری گرفت میں ہے۔ سعودی عرب میں سکیورٹی نظام حج کے اہم مقامات پر نظم و نسق کو برقرار رکھنے پر زور دے رہا ہے۔