اسٹاک ہوم، سویڈن: کیمسٹری کے شعبے میں نوبل انعام 2025 کا اعلان سویڈن کی رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے بدھ کو کیا۔ اس سال یہ اعزاز تین سائنسدانوں سوسومو کِیتاگاوا (جاپان)، رچرڈ رابسَن (آسٹریلیا) اور عمر ایم. یاغی (امریکہ) کو دیا گیا ہے۔ رائل سویڈش اکیڈمی آف سائنسز نے ان تینوں سائنسدانوں کو "میٹل-آرگینک فریم ورک (Metal-Organic Frameworks یا MOF) کی ترقی کے لیے" کیمسٹری میں 2025 کا نوبل انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
سوسومو کِیتاگاوا جاپان کے کیوٹو یونیورسٹی سے، رچرڈ رابسَن آسٹریلیا کے میلبرن یونیورسٹی سے اور عمر ایم. یاغی امریکہ کی برکلے یونیورسٹی، کیلیفورنیا سے تعلق رکھتے ہیں۔ تینوں سائنسدانوں کو مشترکہ طور پر میٹل-آرگینک فریم ورک بنانے میں ان کے پیشرو کام کے لیے اعزاز دیا گیا ہے۔ انعام کے طور پر انہیں تقریباً 11 ملین سویڈش کرون (بھارتی روپے میں تقریباً 10.3 کروڑ)، سونے کا تمغہ اور سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔
میٹل-آرگینک فریم ورک میں شراکت یہ نوبل انعام ان سائنسدانوں کو میٹل-آرگینک فریم ورک میں ان کے نمایاں کردار کے لیے دیا گیا ہے۔ یہ فریم ورک کاربن اور دھات دونوں سے بنے ہوتے ہیں اور کیمیکل پروسیس میں معاونت، گیس کو محفوظ رکھنے اور فضاء سے کاربن ڈائی آکسائیڈ ہٹانے میں استعمال کیے جاتے ہیں۔ ان محققین کو یہ انعام 10 دسمبر کو الیفریڈ نوبل کی برسی پر اسٹاک ہوم میں منعقدہ ایک تقریب میں رسمی طور پر پیش کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ 1901 سے 2024 کے درمیان 195 سائنسدانوں کو 116 بار کیمسٹری کے شعبے میں یہ اعزاز دیا جا چکا ہے۔ نوبل انعامات کے بانی الیفریڈ نوبل ایک مالدار سویڈش صنعتکار اور دینامائٹ کے موجد تھے، جنہوں نے ہی یہ اعزازات قائم کیے تھے۔