ڈھاکہ/ آواز دی وائس
بنگلہ دیش میں ایک اور ہندو شخص کو قتل کر دیا گیا ہے۔ ایک ہی دن میں کسی ہندو فرد کے قتل کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ حکام کے مطابق فی الحال معاملے کی جانچ جاری ہے۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ہم اس بات کی تفتیش کر رہے ہیں کہ اس واقعے میں کون کون شامل تھا۔
اسکون کولکتہ کے نائب صدر اور ترجمان رادھارمن داس نے منگل کو دعویٰ کیا کہ بنگلہ دیش میں ایک اور ہندو دکاندار کو قتل کر دیا گیا ہے۔ کئی خبر رساں ایجنسیوں کے مطابق 24 گھنٹوں کے اندر کسی ہندو کی یہ دوسری موت ہے۔ خبر ایجنسیوں نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ نر سنگدی ضلع میں پیر کی رات دیر گئے کریانے کی دکان چلانے والے شرت (منی) چکرورتی پر تیز دھار ہتھیاروں سے حملہ کیا گیا، بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ان کی موت ہو گئی۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ تین ہفتوں کے دوران بنگلہ دیش میں تشدد کا نشانہ بننے والے 6 ہندو ہلاک ہو چکے ہیں۔
نامعلوم حملہ آوروں نے ہندو تاجر کو گولی مار کر قتل کر دیا
بنگلہ دیش کے جیسور ضلع میں پیر کے روز نامعلوم حملہ آوروں نے ایک ہندو تاجر کو گولی مار کر قتل کر دیا، جو ایک اخبار کے قائم مقام مدیر بھی تھے۔ مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق تاجر کے سر میں تین گولیاں مارنے کے بعد ان کا گلا بھی کاٹ دیا گیا۔ بنگلہ زبان کے روزنامہ ’پرتھم آلو‘ کے مطابق مقتول کی شناخت جیسور ضلع کے کیشب پور اپازیلا کے اروا گاؤں کے رہائشی 38 سالہ رانا پرتاپ بیرگی کے طور پر ہوئی ہے۔
رانا بیرگی کی مونیرام پور کے کوپلیا بازار میں برف بنانے کی ایک فیکٹری تھی۔ اس کے علاوہ وہ نرائل سے شائع ہونے والے اخبار ’ڈیلی بی ڈی خبر‘ کے قائم مقام مدیر بھی تھے۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ابوال باسر نے بتایا کہ یہ واقعہ پیر کی شام تقریباً 5:45 بجے کوپلیا بازار میں پیش آیا۔
مقامی لوگوں اور پولیس کے حوالے سے ’پرتھم آلو‘ نے بتایا کہ موٹر سائیکل پر سوار تین بدماشوں نے انہیں برف کی فیکٹری سے باہر بلایا اور کوپلیا بازار کے مغربی حصے میں واقع کوپلیا کلینک اور ڈائگنوسٹک سینٹر کے سامنے والی گلی میں لے گئے۔ رپورٹ کے مطابق اس کے بعد بدماشوں نے قریب سے ان کے سر میں گولی ماری اور فرار ہو گئے۔ اخبار کے مطابق، ان کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔