لندن: یوکرین پر روس کے حالیہ حملوں میں ہلاک ہونے والے 12 افراد میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل ہے۔ یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ ان حملوں میں ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں کے ذریعے یوکرین کے کئی شہروں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے رہائشی عمارتوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا۔
زیلنسکی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پیر کی شام سے اوڈیسا شہر اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں فضائی بموں اور ڈرونز سے حملے جاری ہیں، جس کے نتیجے میں ہزاروں گھروں کی بجلی منقطع ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ان حملوں میں مجموعی طور پر 12 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں ایک ہندوستانی شہری بھی شامل ہے۔
‘‘ یوکرین کے صدر نے کہا، ’’جن لوگوں نے اپنے رشتہ داروں اور عزیزوں کو کھویا ہے، میں ان کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘ زیلنسکی نے بتایا کہ حملوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس دوران کیف، اوڈیسا، خیرسون، دونیتسک، زاپوریزیا، خارکیف، چیرنیہیف، ژیتومیر، سومی اور دنیپرو کے علاقوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کیف میں ایک ریلوے ڈپو پر ہونے والے حملے میں سات افراد ہلاک ہوئے۔ زیلنسکی نے کہا کہ بوریسپل میں پانچ منزلہ رہائشی عمارت کو نقصان پہنچا اور وہاں سے 50 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں چار افراد ہلاک اور 13 دیگر زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ صرف کیف اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں امدادی اور بچاؤ کی کارروائیوں میں تقریباً 350 اہلکار مصروف ہیں۔
زیلنسکی نے کہا، ’’حملے میں بڑی تعداد میں جیٹ سے چلنے والے ڈرون اور بیلسٹک میزائل استعمال کیے گئے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ان حملوں سے رہائشی عمارتوں اور شہری بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اوڈیسا اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں روس کی جانب سے گائیڈڈ فضائی بموں اور ڈرونز کے حملے جاری رہے۔
زیلنسکی کے مطابق رومانیہ کی سرحد سے متصل ایک چوکی اور برآمدات سے متعلق بنیادی ڈھانچے کو بھی ’’جان بوجھ کر نقصان پہنچایا گیا‘‘۔ یوکرین کے صدر نے روس پر جان بوجھ کر عام شہریوں کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا اور اپنے ملک کے لیے فضائی دفاع سے متعلق امداد میں اضافہ کرنے کی اپیل کی۔