امریکہ پاکستان کا اچھا دوست ہے مگرچین جیسا نہیں: عمران خان

Story by  ایم فریدی | Posted by  Shah Imran Hasan | Date 10-02-2022
امریکہ پاکستان کا اچھا دوست ہے مگرچین جیسا نہیں: عمران خان
امریکہ پاکستان کا اچھا دوست ہے مگرچین جیسا نہیں: عمران خان

 


اسلام آباد: پاکستان کے وزیراعظم عمران نے کہا ہے کہ امریکہ کے ساتھ تعلقات ویسے نہیں رہے جیسے چین کے ساتھ ہیں۔ جب بھی ضرورت پڑی چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ امریکہ اچھا دوست ہے لیکن جب اسے ضرورت نہیں ہوتی تو وہ پاکستان کو تنہا چھوڑ دیتا ہے۔

عمران خان نے یہ بات چائنا انسٹی ٹیوٹ آف فودان یونیورسٹی کے ایڈوائزری کمیٹی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایرک لی کے ساتھ ایک انٹرویو میں کہی۔ وزیراعظم عمران خان نے چین کے ساتھ دوستی کے حوالے کیے جانے والے سوال پر کہا کہ ’امریکہ بھی ہمارا اچھا دوست ہے لیکن چین جیسا نہیں ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’کبھی کبھی امریکہ دوست بن جاتا ہے لیکن جب اسے لگتا ہے کہ پاکستان کسی کام کا نہیں تو وہ ہمیں تنہا چھوڑ دیتا ہے، اور پھر وہ دوبارہ دوست بن جاتا ہے۔‘

عمران خان نے اسی حوالے سے مزید کہا کہ ’جب پاکستان افغانستان میں سوویت یونین کے سامنے فرنٹ لاین سٹیٹ بنا تو پاکستان امریکہ کا دوست بن گیا، لیکن سوویت یونین کے جاتے ہی انہوں (امریکہ) نے پاکستان پر پابندیاں لگا دیں۔‘ ’پھر دس سال بعد جب نائن الیون ہوتا ہے تو وہ ہمارے ساتھ اچھے ہو جاتے ہیں۔ مگر پھر جب وہ افغانستان میں جیت نہیں پاتے تو ساری صورتحال کا الزام ہم پر لگا دیتے ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’امریکہ کے ساتھ تعلقات ویسے نہیں رہے جیسے چین کے ساتھ ہیں۔ جب بھی ضرورت پڑی ہے چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوا ہے۔‘

انٹرویو کے دوران عمران خان نے افغانستان کے حوالے سے سوال پر کہا کہ ’امریکہ نے افعانستان کی تاریخ کا مطالعہ نہیں کیا تھا۔ جو افعانستان کی تاریخ سے آگاہ ہیں وہ کبھی ایسا نہ کرتے جو امریکہ نے کیا۔‘ ان کا کہنا تھا کہ افعانستان میں امریکہ کا واضح مقصد تھا ہی نہیں۔

’اسامہ بن لادن کے مارے جانے کے بعد امریکہ کا مشن ختم ہو جانا چاہیے تھا، اگر مقاصد واضح نہ ہوں تو ناکامی ہوتی ہے اور امریکہ کے افغانستان میں مقاصد واضح نہیں تھے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ طالبان حکومت پر پابندیاں لگانے سے نقصان افغان عوام کا ہو رہا ہے۔ ’افغانستان کو سنگین بحران کا سامنا ہے اور پابندیوں کی وجہ سے ملک افراتفری کا شکار ہوا۔‘

انہوں نے چین پاکستان اقتصادی رادہداری (سی پیک) کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’سی پیک منصوبہ صرف چین اور پاکستان تک محدود نہیں ہے بلکہ ہم دیگر ممالک کو بھی اس منصوبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔‘